لاشوں کے رکھنے والے بیگ میں رکھا گیا مردہ اچانک زندہ نکل آیا

چین کے شہر شنگھائی کے ایک رہائشی کے ساتھ گزشتہ دنوں ایک عجیب واقعہ پیش آیا۔

نرسنگ ہوم میں مقیم اس شخص کو مردہ قرار دے کر لاشوں کے رکھنے والے بیگ میں رکھ دیا گیا،جہاں بعد میں بیگ کے اندر دیکھنے پر مردہ خانے کے عملے کو بھیانک غلطی کا احساس ہوا کہ بیگ کے اندررکھا گیا شخص مردہ نہیں بلکہ زندہ ہے۔

وہاں سے گزرنے والے ایک راہ گیر نے اس موقع کی ویڈیو بھی بنائی جس میں مردہ خانے کا ایک ملازم کہہ رہا ہے کیا آپ نے دیکھا یہ زندہ ہے، جس پر دوسرے نے کہا کہ اب اسے بیگ میں بند مت کرو۔

نرسنگ ہوم کے عملے کو اس غلطی پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور مردہ خانے کے عملے نے کہا کہ یہ بہت بڑی غیر ذمہ داری ہے کہ ایک زندہ شخص کو مردہ قرار دے دیا گیا ہو۔

بعد ازاں لاش قرار دیئے گئے شخص کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج کے بعد اس کی حالت بہتر ہوگئی۔

شنگھائی کی ضلعی حکومت نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نرسنگ ہوم کے 5 عہدیداران کو سزا دی جائے گی جبکہ ڈاکٹر کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔