ریاض: سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار کسی ایئرلائن نے خواتین عملے کے ساتھ پرواز مکمل کرلی۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کا خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، ملک میں پہلی بار خواتین عملے نے پرواز مکمل کرلی۔
فلائی ڈیل کمپنی کے ترجمان عماد اسکندرانی نے بتایا کہ خواتین عملے کے ہمراہ پہلی پرواز دارالحکومت ریاض سے جدہ کیلئے روانہ ہوئی، جس میں 7 رکنی عملے میں ایک غیر ملکی کپتان خاتون بھی شامل تھیں۔
کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے سعودی حکام ہوا بازی کے شعبے میں توسیع کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس سے ہماری مملکت عالمی سفر کا مرکز بن جائے گی۔
دوسری جانب سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی کہ خواتین عملے نے طیارے کو باحفاظت جدہ ایئرپورٹ پر لینڈ کروایا۔
اس سے قبل فلائی ڈیل کمپنی نے سال 2019 میں خاتون سعودی کو پائلٹ کے ہمراہ پہلی پرواز بھی کروائی تھی۔
واضح رہے کہ خواتین کو بااختیار کرنے کا مقصد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کا حصہ ہے۔