ابرار الحق کا مشہور گانا نچ پنجابن نچ بھارتی فلم میں شامل

معروف بھارتی فلم ساز کرن جوہر نے دیگر بھارتی موسیقاروں اور گلوکاروں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی آنے والی رومانوی مزاحیہ فلم میں پاکستانی گلوکار ابرار الحق کے گانے ’نچ پنجابن نچ‘ کو چوری کرکے شامل کرلیا۔

کرن جوہر کی آنے والی فلم ’جگ جگ جیو‘ کا ٹریلر ایک روز قبل جاری کیا گیا تھا، جس میں ورون دھون اور انیل کپور سمیت کیارہ آڈوانی اور نیتو سنگھ کو مرکزی کرداروں میں دکھایا گیا تھا۔

فلم کو کرن جوہر نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ اس کی ہدایات راج مہتا نے دی ہیں، جس کے جاری کیے گئے ٹریلر میں بھی ’نچ پنجابن نچ’ کو شامل کیا گیا ہے۔

مختصر ٹریلر میں ’نچ پنجابن نچ‘ کے گانے کو پرانی دھن پر ہی بنایا گیا ہے، جسے 2002 میں پاکستانی پنجابی گلوکار ابرارالحق نے جاری کیا تھا۔

بولی وڈ فلم کا ٹریلر سامنے آنے کے بعد ابرار الحق نے اپنی ٹوئٹس میں بتایا کہ انہوں نے ’نچ پنجابن نچ‘ کے حقوق کسی کو فروخت نہیں کیے اور جو بھی ان کے گانے کو اجازت کے بغیر کسی بھی فلم یا البم میں شامل کرے گا، وہ ان کے خلاف مکمل طور پر قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔