مئی کے آغاز میں یورپ سے شروع ہونے والی جسمانی خارش جیسی بیماری ’منکی پاکس‘ کے دنیا بھر میں کیسز کی تعداد 700 تک جا پہنچی۔
’منکی پاکس‘ کے کیسز میں محض 6 دن میں پچھلے ایک ماہ کے مقابلے دگنا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
’منکی پاکس‘ 30 مئی تک دنیا کے 25 سے زائد ممالک میں پھیل چکا تھا اور اس کے 250 کیسز رپورٹ ہو چکے تھے مگر اس کے کیسز کی تعداد 700 تک جا پہنچی ہے، تاہم اچھی بات یہ ہے کہ تاحال اس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
خبر رساں ادارے ’ایجنسی فرانس پریس‘ (اے ایف پی) نے اپنی رپورٹ میں امریکی ادارے ’سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پروینشن (سی ڈی سی) کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکا سمیت دنیا بھر میں منکی پاکس کے کیسز کی تعداد 700 ہو چکی۔
مذکورہ کیسز میں سے 21 کیس امریکا میں رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ زیادہ تر کیسز یورپی ممالک برطانیہ، اسپین اور اٹلی سمیت دیگر ممالک میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
سی ڈی سی کے مطابق منکی پاکس کے رپورٹ ہونے والے ابتدائی 17 میں سے 16 کیسز ایسے ہیں، جن میں یکسانیت پائی گئی۔
حکام کے مطابق مذکورہ 16 کیسز ایسے مرد حضرات کے تھے جو ہم جنسی پرستی کی جانب راغب تھے جب کہ باقی کیسز میں کوئی یکسانیت نہیں پائی گئی، تاہم امکان ہے کہ وہ ایسے افراد کے کیسز ہوں گے جنہوں نے دوسرے ممالک کا سفر کیا ہوگا۔
سی ڈی سی ماہرین کے مطابق اب تک منکی پاکس کا شکار ہونے والے تقریبا تمام افراد صحت یابی کی جانب گامزن ہے جب کہ بعض افراد مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے اور اب تک کسی میں شدید مرض نہیں پایا گیا۔
خیال رہے کہ منکی پاکس ابتدائی طور پر بندروں میں پائی جانی والی بیماری تھی جو 1970 کے بعد افریقہ کے مغربی حصے میں پھیلی اور کئی دہائیوں تک وہیں پھیلتی رہی۔