دسپور: بھارتی ریاست آسام میں تین سال قبل اسپتال میں تبدیل ہونے والا نوزائیدہ بچہ بالآخرکار اپنی حقیقی ماں کو واپس مل گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آسام کے سرکاری اسپتال میں تین سال قبل دو خواتین نے ایک ہی وقت بچوں کو جنم دیا تھا تاہم ایک خاتون کا بچہ پیدائش کےفوری بعد جانبر نہ ہوسکا تھا۔
دونوں خواتین کے نام ایک جیسے ہونے کی وجہ سے نرس نے مردہ بچے کی ماں کو زندہ بچہ تھمادیا جب کہ دوسری ماں کو مردہ بچہ دیدیا گیا۔ زندہ بچے کی حقیقی ماں (ناظمہ خانم) نے دوسری خاتون (ناظمہ) کے خلاف مقدمہ کردیا۔ ناظمہ خانم کا مؤقف تھا کہ ان کا بچہ زندہ پیدا ہوا تھا اور بالکل صحت مند تھا۔ بچے کے مرنے کا امکان بالکل بھی نہیں تھا۔
جس پر عدالت نے ڈی این اے کرانے کا حکم دیا جس کی رپورٹ میں ناظمہ خانم کا دعویٰ سچ ثابت ہوگیا۔ تین سال مقدمہ لڑنے کے بعد حقیقی ماں کو اس کا بچہ واپس مل گیا جب کہ دوسری خاتون عدالت میں صدمے سے بے ہوش ہوگئیں۔