بلڈ پریشر نوٹ کرنے والا ٹیٹو نما برقی سٹیکر تیار

ٹیکساس: سائنسدانوں نے گرافین  پرمشتمل ٹیٹو نما برقی سٹیکر تیار کیا ہے جو طویل عرصے تک پہننے والے مریض کا فشارِ خون نوٹ کرکے بتاسکتا ہے۔

اس ای ٹیٹو نما سٹیکر کو گرافین سے بنایا گیا ہے جو بلڈ پریشر کے متعلق مسلسل ڈیٹا فراہم کرسکتا ہے۔ اگرچہ بازو کے گرد لپیٹنے والی پٹی سے بلڈ پریشر لینا سب سے قابلِ اعتبار ہوتا ہے لیکن اس طرح صرف اسی وقت کی ریڈنگ حاصل ہوسکتی ہے۔ تاہم کئی مریض ایسے ہیں جن کا بلڈ پریشر بار بار معلوم کرنا ضروری ہوتا ہے۔

خون کے دباؤ پر مسلسل نظر رکھنے کے لیے فٹ بٹ، اور برقی گھڑیاں عام دستیاب ہیں لیکن اب بھی وہ نبض پر درست نظر رکھتی ہیں لیکن بلڈ پریشر کی درست ریڈنگ نہیں لے سکتیں۔ ماہرین ایک عرصے سے سادہ اور قابلِ اعتبار طریقے پر غورکرر ہے تھے جو اب گافین اسٹیکر کی صورت میں ہماری مدد کرسکتا ہے۔

ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے جلد پر چپکنے والے گرافین سینسر پر مشتمل ای ٹیٹو بنایا ہے ۔ یہ ہلکا پھلکا اور باریک ٹیٹو طویل عرصے تک جلد سے چپک سکتا ہے۔ اس کی اہم بات خون کا دباؤ ناپنے کا ایک بالکل نیا طریقہ ہے۔

اس طریقے میں سینسر کا ڈیٹا مشین لرننگ سے گزرتا ہے۔ سب سے پہلے  سینسر سے جلد پر برقی سگنل بھیجے جاتے ہیں اور جلد کا ردِ عمل دیکھا جاتا ہے۔ طبی زبان میں اسے ’بایو امپیڈینس‘ کہتے ہیں جس سے بالراست طور پر بلڈ پریشر معلوم کیا جاسکتا ہے لیکن سافٹ ویئر کی مدد درکار ہوتی ہے۔

تجرباتی طور پر جب اسے کئی افراد کو لگایا گیا تو ایک ٹیٹو نے 300 منٹ تک بلڈ پریشر کامیابی سے نوٹ کیا گیا۔ اب انہیں مزید بہتر بناتے ہوئے تمام معیارات سے گزار کر مریضوں کے لئے مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ماہرین چاہتے ہیں کہ ایک گرافین ٹیٹو زیادہ لمبے عرصے تک کام کرسکے اور بلڈ پریشر کی درست پیمائش فراہم کرے۔