وٹامن ڈی کی کمی ڈیمنیشیا کا خطرہ بڑھا دیتی ہے، نئی تحقیق

وٹامن ڈی کی کمی دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھاتی ہے۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ڈیمینشیا کے شکار مریض میں عمر بڑھنے کے ساتھ سوچنے سمجھنے اور یادداشت کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

ساؤتھ آسٹریلیا یونیورسٹی کی تحقیق میں پہلی بار جسم میں وٹامن ڈی کی کمی اور ڈیمینشیا کے درمیان براہ راست تعلق کو دریافت کیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ وٹامن ڈی کی کمی سے دماغی حجم سکڑتا ہے جبکہ ڈیمینشیا اور فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ڈیمینشیا کے 17 فیصد کیسز کی رو ک تھام لوگوں میں وٹامن ڈی کی کمی دور کرکے کی جاسکتی ہے۔

اس تحقیق میں 2 لاکھ 94 ہزار سے زیادہ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا تھا تاکہ وٹامن ڈی کی کمی اور دماغی امراض کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی جاسکے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج ڈیمینشیا کی روک تھام کے حوالے سے بہت اہم ہیں اور اس ضرورت پر زور ڈالتے ہیں کہ لوگوں میں وٹامن ڈی کی کمی کو دور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وٹامن ڈی جسم کے ساتھ ساتھ دماغی صحت کے لیے بھی بہت اہم ہوتا ہے مگر اب تک ہم جان نہیں سکے تھے کہ اس کی کمی کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلی تحقیق ہے جس میں وٹامن ڈی کی کمی کے نتیجے میں ڈیمینشیا اور فالج کے خطرے کو ثابت کیا گیا۔

ماہرین نے کہا کہ دنیا بھر میں دماغی تنزلی کے اس مرض کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جو خاندانوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس بات کو یقینی بنالیا جائے کہ کوئی بھی وٹامن ڈی کی کمی کا شکار نہیں ہوگا تو ہم ہزاروں افراد کی صحت کو بہتر بناسکتے ہیں۔