اسلام آباد: حکومت نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی مکمل بحالی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بدھ کے روز وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء عبدالقادر پاٹیل، رانا ثناء اللہ، شیری رحمن، چیئرمین این ڈی ایم اے، سیکرٹری اطلاعات، سیکٹری نیشنل ہیلتھ سروسز، متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی جبکہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیاہے۔اجلاس ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے این سی او سی کی مکمل بحالی کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے کی ہدایات جاری کیں جس کے تحت تمام صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 3.50 فیصد رہی جب کہ ملک بھر میں کراچی سب سے زیادہ کورونا سے متاثر ہے۔
حکام نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں کووڈ کے کیسسز کی تعداد میں مجموعی طور پر کمی کا رجحان ہے۔
گزشتہ اومیکرون کی لہر کے بعد اومی کرون کا نیا ویرئنٹ حال ہی میں پاکستان میں کووڈ کیسز میں اضافے کا باعث بن رہا ہے جس کی وجہ سے 28 جون کو قومی شرح 3 فیصد سے تجاوز کی، نئے ویرئنٹ میں ہاسپٹلائیزیشن کی شرح پہلی تمام کووڈ لہروں سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔
اجلاس کو ملک میں ویکسینیشن کی موجودہ صورتحال پر بھی آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کی اس وقت 12 سال سے زائد 86 فیصد آبادی مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہے جبکہ 93 فیصد کو کم از کم ایک ڈوز لگ چکی ہے۔
پاکستان میں اس وقت ویکسی نیشن لگانے کی استعداد 2 لاکھ یومیہ سے ذیادہ ہے جبکہ سندھ میں اس وقت تک پوری آبادی کو مکمل طور ویکسینیٹ کر لیا گیا ہے اسی طر ح پنجاب اور دیگر صوبوں میں بھی ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے تکمیل کہ جانب گامزن ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بارڈر پر بیرونِ ملک آمدو رفت کی بھی کڑی نگرانی کیلئے اقدامات اور فاسٹ ٹریک ایپ کو صارفین کیلئے آسان اور بہتر بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کورونا وباء کے دوران فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز،ڈاکٹرز،رضا کاروں کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ وباء کے دوران شہید ہونے والے ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو بھی سراہا اورحکام کے شہداء کے خاندانوں کی بھر پور مالی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو نہ صرف کووڈ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے بلکہ اس حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے کی ہدایات بھی جاری کرنے کی ہدایت کی۔
،وزیر اعظم نے کہا کہ مکمل ویکسی نیشن، بوسٹر ڈوز، ماسک، سینیٹائزر کا استعمال اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں، عید الاضحی پر مویشی منڈیوں، شادیوں اور نجی محافل میں ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال یقینی بنائیں، کووِڈ سے اپنے پیاروں کے بچاؤ کیلئے ہم سب کو ذمہ داری سے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں،وزیراعظم نے چاروں چیف سیکٹریز کوتمام اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔