منہ کی بد بو سے جان چھڑانے کے آسان طریقے

اکثر و بیشتر کچھ افراد کے منہ سے بو آتی ہے جو ناصرف خود کے لیے شرمندگی کا سبب ہوتی ہے بلکہ سامنے والے کے لیے بھی پریشانی کا باعث بنتی ہے۔

اگر آپ باقاعدگی سے برش نہیں کرتے توکھانے کے ذرات آپ کے منہ میں رہ جاتے ہیں جس سے بیکٹیریا کی پیداوار ہوتی ہے اور آپ کی سانسوں میں بدبو آتی ہے۔ 

یہ بیکٹیریا بدبودار سانسوں کی وجہ ہونے کے ساتھ ساتھ دانت متاثر  کرنے کا بھی سبب بنتے ہیں۔

منہ کی بو  دور کرنے کے آسان طریقے:

پانی زیادہ پیئیں:

سب سے آسان اور بنیادی طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے منہ کو ہائیڈریٹڈ رکھیں اور زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں، اس سے قدرتی طور پر آپ کی سانسوں سے بو آنا بند ہوجائے گی۔

نمک کے پانی سے غرارے:

وہ افراد جن کے منہ سے بدبو آتی ہو تو ان کو چاہیے کہ روز نمک کے پانی کے غرارے کریں، یہ ترکیب بو کے خاتمے کے لیے بے حد مفید ثابت ہوگی۔

لونگ کا استعمال:

اگر آپ کو جلدی ہے اور گھر سے باہر جانا ہے تو ایک سے دو تازہ لونگیں منہ میں رکھ لیں، اس سے فوری طور پر منہ کی بو ختم ہوجائے گی۔

سیب، اجوائن اور گاجریں:

سیب ، اجوائن اور گاجریں قدرتی ٹوتھ برش کا کام کرتی ہیں، اگر آپ انہیں اپنی غذا میں شامل کرلیں تو یہ منہ میں پیدا ہونے والے بیکٹیریاز کا خاتمہ کردیں گے اور ساتھ ہی اس سے دانتوں کا پیلا پن بھی ختم ہوجائے گا۔

لیمو کا استعمال:

اگر لیمو کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا منہ میں رکھ لیا جائے تو یہ ماؤتھ فریشنر کے مترادف ہوگا۔

اس کے علاوہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ منہ کی بو سے جان چھڑا لیں تو اس کے لیے ضروری ہے کہ اپنی زبان کو صاف ستھرا رکھیں اور اس پر کسی قسم کے کھانے کے ذرات جمع نہ ہونے دیں۔

اسی لیے آپ جب بھی کچھ کھائیں تو اس کے بعد پانی سے قُلی کرلیں، اس سے زبان صاف رہے گی۔