اسلام آباد میں کورونا ویکسینیشن تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد : حکومت نے اسلام آباد میں کورونا ویکسینیشن تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا اور کورونا ویکسینیشن پلان پر عملدرآمد کیلئے 2 ماہ کا ہدف مقرر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کی رفتار میں تیزی پر بڑا فیصلہ کرلیا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں کورونا ویکسینیشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت کیلئے کوروناویکسینیشن کا ہنگامی پلان تیار کرلیا گیا ہے ،کوروناویکسینیشن پلان پر عملدرآمد کیلئے 2 ماہ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنگامی پلان کا مقصد روٹین اور بوسٹرویکسینیشن کی رفتار تیز کرنا ہے، کورونا ویکسینیشن پلان پر عملدرآمد کیلئے مزید عملہ بھرتی کیا جائےگا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کیلئے ویکسینیٹر، سوشل موبلائزر، ڈیٹا آپریٹربھرتی ہوں گے ، 134 ویکسینیٹر، 133 ڈیٹا آپریٹر اور  133سوشل  موبلائزر ڈیلی ویج کی بنیاد پر بھرتی کئے جائیں گے، بھرتی ہونےوالاعملہ ایف نائن ماس ویکسینیشن سنٹرپرتعینات ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں موبائل،ڈرائیوان کے ذریعے کوروناویکسینیشن کاعمل تیز کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ عارضی طور بھرتی ویکسینیٹر کو یومیہ 1250 روپے ، ڈیٹا انٹری آپریٹر کو یومیہ 900 روپے اور عارضی بھرتی شدہ سوشل موبلائزر کو یومیہ 900 روپے ادائیگی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ایف نائن ماس سنٹر میں یومیہ 15 ہزار افراد کی ویکسینیشن ہوسکے گی تاہم اسلام آباد کی 91 فیصد اہل آبادی کی کورونا ویکسینیشن ہوچکی ہے جبکہ 14 لاکھ 48 ہزار 122 افراد کی کوروناویکسینیشن مکمل ہوگئی ہے۔