بڑی مقدارانگور کھانے سے اگوانا چھپکلیاں ذیابیطس میں مبتلا۔۔!!

باہاماس کے جزائر پر بھاری بھرکم اگوانا چھپکلیاں عام پائی جاتی ہیں۔ سخت حفاظتی ماحول میں سیاح انہیں دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔ سیاحوں نے انہیں انگور کھلانا شروع کر دیا کیونکہ اس سے قبل سائنسدانوں نے مشورہ دیا تھا کہ ان چھپکلیوں کو روٹی کی بجائے انگور کھلائے جائیں۔

ماہرین نے انگور کھلانے کے لیے احتیاطی تدابیر بھی فراہم کی ہیں یعنی لکڑی پر انگور لگا کر انہیں کھلایا جائے بصورتِ دیگر ان کے منہ میں کچھ ریت بھی جا سکتی ہے۔

یہاں آنے والے افراد نے اس کے بعد جانوروں کو اندھا دھند انگور کھلائے جن سے کئی چھپکلیوں کے جسم میں گلوکوز کی مقدار بڑھ چکی ہے۔ واضح رہے کہ اس نایاب جانور کو پہلے ہی تحفظِ فطرت کی بین الاقوامی تنظیم (ٓآئی یو سی این) کی سرخ فہرست (ریڈ لسٹ) میں شامل کیا گیا ہے۔ اب سیاحوں کی جانب سے غیر صحت مندانہ رویے سے ان کی بقا کو مزید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

شمالی باہاما کی چھپکلیوں پر شائع تحقیق کے مطابق انسانوں سے دور چھپکلیوں کے مقابلے میں سیاحوں تک رسائی والی چھپکلیوں کے خون میں گلوکوز کی زائد مقدار دیکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایکو ٹورزم سے یہ بے زبان چھپکلیاں تناؤ اور دباؤ میں بھی آرہی ہیں جو ان کی بقا کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔ یہاں تک کہ اگر سیاح کوڑا کرکٹ بکھیرتے ہیں تو وہ بھی ان کے پیٹ میں جاکر کئی بیماریوں کی وجہ بن رہے ہیں۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ بعض چھپکلیوں میں خون میں شکر قابو کرنے کی صلاحیت بھی ماند پڑچکی ہے یا مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے۔ تاہم اب اگلی تحقیق میں ان کے جسمانی اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔