8 جولائی کو ایک ہی وقت میں 99 فیصد انسانوں کو سورج کی روشنی نظرآنے کی حقیقت

کہا جاتا ہے کہ سال میں ایک دن ایسا بھی آتا ہے جب دنیا بھر میں لگ بھگ ہر انسان کو سورج کی روشنی تک ایک ہی وقت میں کسی حد تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ اور وہ دن 8 جولائی کا ہے۔

ہر سال ایسی رپورٹس سامنے آتی ہیں کہ 99 فیصد انسانوں کو ایک ہی وقت میں سورج کی روشنی نظر آئے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 4 بج کر 15 منٹ کا وقت ہے۔

اس سال ٹائم اینڈ ڈیٹ ڈاٹ کام نے اس دعویٰ کی حقیقت جانچنے کا فیصلہ کیا اور دریافت کیا کہ درحقیقت یہ 'تیکنیکی طور درست' ہے، بس فرق یہ ہے کہ 99 کی بجائے 97 فیصد عالمی آبادی کو سورج کی روشنی تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔

اس کو سمجھنے کے لیے ایک وضاحت درج ذیل ہے۔

ہم دن کی روشنی اس روشنی کو قرار دیتے ہیں جب سورج افق سے اوپر ہوتا ہے، مگر سورج کی روشنی 3 طرح کی ہوتی ہے، سول، نوٹیکل اور آسٹرونومیکل۔

ان میں سے آسٹرونومیکل سب سے مدھم روشنی ہوتی ہے جب سورج افق پر 12 سے 18 ڈگری نیچے ہوتا ہے (18 ڈگری سے نیچے ہونے کو رات کا وقت سمجھا جاتا ہے)۔

تو 8 جولائی کو سہ پہر 4 بج کر 15 منٹ میں پیسیفک آئی لینڈز اور آسٹریلیا/ اوشیانا کو نکال کر دنیا بھر میں لگ بھگ تمام آبادی کو دن کی روشنی یا سورج کی مدھم روشنی تک رسائی حاصل ہوگی۔

مگر کروڑوں افراد کے لیے یہ روشنی آسٹرونومیکل ہوگی یعنی سب سے مدھم، بلکہ شہری علاقوں میں تو ایسی روشنی کو دیکھنا ممکن نہیں ہوتا اور لوگ رات کی تاریکی ہی سمجھتے ہیں۔

پھر بھی دنیا کے اربوں افراد کو کسی حد تک سورج کی روشنی ایک ہی وقت میں دستیاب ہوگی جو حیران کن ہے۔