سعودی ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن نے کہا ہے کہ رواں حج سیزن کے دوران اب تک حجاج کرام نے 18 ملین ٹیلی فون کالز کیں ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے نے ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن کے حوالے سے بتایا ہے کہ مکہ مکرمہ مواصلاتی نیٹ ورکس کی کارکردگی حج سیزن میں بہترین رہی ہے اور 10 ذوالحجہ تک ڈیٹا کی کھپت 3.35 ٹیرا بائٹس تک پہنچ گئی۔ ڈیٹا کا یومیہ فی فرد استعمال 814.09 میگابائٹس رہا جو کہ عالمی سطح پر فی فرد کے استعمال کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ ہے۔
کمیونیکیشن کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ تر ڈیٹا یوٹیوب، فیس بک، ٹک ٹاک، سنیپ چیٹ اور واٹس اپ پراستعمال کیا جارہا ہے۔ انٹرنیٹ کی اپ لوڈنگ سپیڈ کے حوالے سے کمیونیکیشن کا کہنا تھا کہ 270.83 میگا بائٹ فی سیکنڈ اپ لوڈنگ کی رفتار ہے جوکہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ ہے جبکہ انٹرنیٹ کی رفتار میں بھی گزشتہ برس کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔