ٹوکیو: جاپان میں ساحلِ سمندر پر جانے والوں کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ ڈولفن کے حملوں سے بچ کر رہیں۔
جاپان ک شہر فُوکُوئی میں کم از کم 10 ڈولفن کے حملوں کے واقعات سامنے آئے ہیں اور حکام نے مقامی ساحل پر تیراکوں کو متنبہ کرنے کے لیے اشارے لگائے ہیں تاکہ وہ ڈولفن کے قریب نہ جائیں۔
فُوکُوئی کے سیاحت کے شعبے کے لیے کام کرنے والے ماساکی ٹاسوئی کا کہنا تھا کہ شہری حکام کا ماننا ہے کہ تمام تر حملے ایک ہی ڈولفن کی جانب سے کیے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل یہ حملے اپریل میں کوشِینو کے ساحل پر دیکھے گئے تھے۔
مقامی اخبار کے مطابق تازہ ترین حملہ 24 جولائی کو کیا گیا جب ڈولفن نے ایک 40 سالہ شخص کے ہاتھ پر کاٹ کر انہیں زخمی کیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق حکام کی جانب سے موسمِ گرما میں ساحل کھولے جانے کے بعد سے ایسے 10 واقعات سامنے آ چکے ہیں، ساحل پر نصب کیے گئے تنبیہی اشاروں پر لکھا گیا ہے کہ ڈولفنز کو مت چھوئیں۔
حکام ساحلی پٹی پر ایسے آلات نصب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جن سے نکلنے والی الٹرا سونک لہریں ڈولفنوں کو ساحل سے دور رکھیں گی۔
ماساکی کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ڈولفن ناک اور پشت پر موجود ابھار پر چھوا جانا پسند نہیں کرتیں۔