وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کو مزید موثر اور بہتر بنانے کیلئے ایک خصوصی ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔
ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے جمعہ کو بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن (بی ایم جی ایف) کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے ساتھ اپنی ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر پولیو کے خاتمہ سمیت عوامی صحت کے مختلف جاری منصوبوں کے علاوہ پاکستان میں بی ایم جی ایف کی معاونت سے سماجی شعبہ میں جاری مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ میں بل اینڈ ملینڈ گیٹس فائونڈیشن کا مشکور ہوں جو پاکستان میں عوامی صحت کی بہتری اور سماجی شعبہ کے مختلف پروگراموں میں گراں قدر معاونت فراہم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں نئے پولیو کیسز کے بڑھتے ہوئے اعدادوشمار کی تصدیق باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کو مزید موثر اور بہتر بنانے کیلئے ایک خصوصی ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے گزشتہ روز بل گیٹس کے ساتھ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے ساتھ مختلف شعبوں میں پہلے سے جاری اشتراک کار کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
انہوں نے بل گیٹس سے کہا کہ ہماری حکومت سماجی شعبہ کی ترقی کیلئے ہر سطح پر اقدامات کو وسعت دے رہی ہے اور ہم اپنی ضروریات کے مطابق اقدامات کے حوالے سے ضلعوں کو زیادہ بااختیار بنا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پولیو پروگرام کے اراکین کو تحفظ اور سکیورٹی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے اور انسداد پولیو پروگرام کے فرنٹ لائن ورکرز حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ اس موقع پر بل گیٹس نے فائونڈیشن کی جانب سے بچوں کے پولیو وائرس سے تحفظ سمیت دیگر مختلف پروگراموں میں معاونت کا عمل جاری رکھنے کا عزم بھی دہرایا۔