سپین کے وزیراعظم نے توانائی بچانے کاانوکھا نسخہ پیش کردیا

میڈرڈ:اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سنچز نے توانائی بچانے کا انوکھا نسخہ پیش کر دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سنچز نے سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ توانائی بچانے کے لیے ٹائی نہ پہنیں۔

پیڈرو سنچز کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت توانائی بچانے کے لیے فوری اقدامات پر عمل شروع کرے گی تاکہ یوکرین پر حملے کے پیش نظر روسی گیس پر انحصار کم سے کم ہو سکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے یورپ میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور جمعے کے روز میڈرڈ کا درجہ حرارت 36 اور سیویل کا 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ایک نیوز کانفرنس کے دوران سپین کے وزیراعظم نے کہا کہ میں خود بھی ٹائی نہیں پہن رہا اور اپنے وزرا، سرکاری افسران اور نجی و سرکاری اداروں کے ملازمین سے بھی کہتا ہوں کہ توانائی بچانے کے لیے وہ بھی یہی عمل کریں۔

پیڈرو سنچز نے بتایا کہ اس طرح کرنے سے انہیں گرمی کم محسوس ہو گی جو توانائی بچانے کا باعث بنے گی کیونکہ ایئر کنڈیشنز کم چلیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جاپان نے بھی 2011 میں سپر کول بز مہم متعارف کرائی تھی جس کے تحت ملازمین کو اجازت دی گئی تھی کہ وہ گرمیوں کے موسم میں وہ ٹھنڈے کپڑے زیب تن کر سکتے ہیں۔

 برطانیہ میں بھی حالیہ گرمیوں کے دوران ہاس آف کامنز میں شریک ممبران سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنی سوٹ جیکٹس اتار کر سائیڈ پر رکھ سکتے ہیں۔