بھارت میں منکی پاکس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق

نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالہ میں منکی پاکس سے 22 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا یہ ملک میں مہلک وائرس سے پہلی ہلاکت ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی مہلک وائرس بیماری منکی پاکس کے مریضوں کا بھارت میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

ریاست کیرالہ میں 22 سالہ نوجوان کو مقامی ہسپتال میں علامات ظاہر ہونے پر دو روز قبل داخل کیا گیا تھا اور اگلے ہی روز منکی پاکس ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔ہسپتال میں نوجوان کا علاج جاری تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

 محکمہ صحت نے منکی پاکس سے پہلی ہلاکت پر انکوائری کمیٹی بنا دی ہے۔کیرالہ کے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ منکی پاکس سے ہلاکتوں کی شرح انتہائی کم ہوتی ہے اور نوجوانوں میں اس مہلک مرض کی علامات بھی ظاہر نہیں ہوتیں۔

عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کو دنیا میں تیزی سے پھیلنے والی وبا قرار دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ وائرس کے پھیلاو کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

واضح رہے کہ منکی پاکس کا پہلا کیس برطانیہ میں رواں برس مئی میں سامنے آیا اور اب تک وہاں 4 ہزار سے زائد مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ دیگر ممالک میں بھی پھیلاو جاری ہے۔