کھانے کے بعد دومنٹ کی واک سے بیماریاں دور

لِمریک: روزانہ چہل قدمی کے فوائد سے تو ہم میں سے اکثر افراد بخوبی واقف ہیں، توانائی کی سطح میں اضافے سے لے کر دل کے صحت مند ہونے تک، چہل قدمی ہماری صحت پر متعدد مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ ماہرینِ صحت عرصہ دراز سے کھانے کے بعد چہل قدمی کے مفید ہونے کے متعلق بتاتے آئے ہیں۔ اب حالیہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کھانے کے بعد چہل قدمی بلڈ شوگر کے ایک دم اضافے کو قابو کرنے میں مدد دے سکتی ہے، جس کے سبب ٹائپ 2 ذیابیطس جیسی پیچیدہ صورتحال سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ بڑی عمر کے افراد جن کو ٹائپ 2 ذیابیطس لاحق ہونے کے خطرات تھے، ان کے کھانے کے بعد 15 منٹ تک ٹریڈ مِل پر چلنے کے نتیجے میں بلڈ شوگر میں کم اضافہ ہوا۔

حقیقیت میں ان فوائد کو حاصل کرنے کے لیے صرف دو منٹ کا وقت ہی کافی ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق کھانے کے بعد دو سے پانچ منٹ کی چہل قدمی بلڈ شوگر کی سطح میں معقول کمی لاسکتی ہے۔

اسپورٹس میڈیسن جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق میں محققین نے بتایا ہے کہ ساکت کھڑے رہنے سے بھی بلڈ شوگر میں کمی ہوتی ہے لیکن اس اتنا فرق نہیں پڑتا جتنا چہل قدمی سے پڑتا ہے۔

محققین کو معلوم ہوا کہ کھانے کے بعد کچھ منٹوں کی کم مشقت والی چہل قدمی غیر فعال رہنے کی بہ نسبت بلڈ شوگر کی سطح میں معقول بہتری لاتی ہے۔ یہ بہتری ان شرکاء میں زیادہ واضح تھی جنہوں نے چھوٹے دورانیے کی چہل قدمی کی تھی۔

مطالعہ کی گئی پانچ تحقیقوں میں شریک کوئی بھی فرد ذیابیطس کا مرض لاحق ہونے سے پہلے وقت (جس کو پری ڈائیبیٹیز کہا جاتا ہے) یا ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا نہیں تھا۔ جبکہ دیگر دو میں بیماری میں مبتلا اور جو مبتلا نہیں تھے دونوں موجود تھے۔