ترکی میں شیر خوار بچی نے حملہ کرنے والے سانپ کو دانتوں سے کاٹ کر مار ڈالا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حیرت انگیز واقعہ ترکیہ (سابقہ ترکی) کے شہر بنگول کے ایک گاؤں میں 10 اگست کو پیش آیا جب ایک دو سالہ بچی اپنے گھر کے باغیچے میں کھیل رہی تھی کہ اچانک اس نے زور زور سے چیخنا شروع کر دیا۔
شور کی آوز آنے پر پڑوسی بچی کو دیکھنے فوری طور پر پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ اس بچی کے ہونٹ پر سانپ کے کاٹنے کا نشان تھا جبکہ 2 سالہ بچی نے تقریباً 50 سینٹی میٹر لمبے سانپ کو اپنے دانتوں سے پکڑا ہوا تھا۔
رپورٹس کے مطابق 2 سالہ بچی نے اس سانپ سے بدلہ لیتے ہوئے اسے اپنے دانتوں کی مدد سے کاٹ کر اسی وقت مار ڈالا۔
دوسری جانب سانپ کے حملے سے زخمی ہونے والی بچی کو فوراً اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک دن علاج کے بعد اسے ڈسچارج کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق بچی اب بالکل ٹھیک ہے اور اسے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔