ناٹنگھم: برطانیہ میں ایک خاتون کے گھر مختلف رنگوں کے جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، خاتون بچوں کی پیدائش کے بعد کافی حیران ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 سالہ چینٹیل بروٹن کا کہنا ہے کہ ان سے باقاعدگی سے یہ سوال پوچھا جاتا ہے کہ کیا یہ دونوں بچے آیون اور آزیراہ ان کے ہیں۔
ناٹنگھم سٹی ہاسپٹل میں صاف رنگ اور سبز آنکھوں والے بیٹے آیون کو جنم دینے کے بعد جب انہوں نے بیٹی آزیراہ کو جنم دیا تو اس کی رنگت سانولی اور کتھئی آنکھیں دیکھ کر حیران رہ گئیں۔ ایسی پیدائشیں بہت نایاب ہوتی ہیں۔ جینیات کے ماہرین کی جانب سے لگائے جانے والے تخمینے کے مطابق ایسا لاکھوں میں ایک بار ہوتا ہے۔
نرسنگ کے پیشے سے منسلک چینٹیل کا کہنا تھا کہ وہ سفید فام دِکھتی ہیں لیکن ان کا ننہیال نائجیرین ہے جبکہ بچوں کے والد ایشٹن نصف جمیکن اور نصف اسکاٹش ہیں۔ تین بچوں کی والدہ نے بتایا کہ پیدائش کے وقت دونوں بچے اتنے مختلف نہیں دِکھتے تھے لیکن جیسے جیسے دن گزرے آزیراہ کی جِلد کا رنگ گہرا ہوتا گیا۔