ایوریٹ: سمندر برد ہونے والے دیو قامت بحری جہاز ٹائٹینک کے ملبے کا سروے کرنے والی ٹیم کے مطابق جہاز کے زنگ آلودہ باقیات کے خراب ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ شمالی بحرِ اوقیانوس میں 100 سال سے زائد عرصہ قبل ڈوبنے والے برطانوی مسافر بحری جہاز کے متعلق تحقیقاتی ٹیمیں یہ بتا چکی ہیں کہ اس کی باقیات پر دھات کھانے والے بیکٹریا لگے ہونے کی وجہ سے جہاز کی حالت تیزی سے خراب ہوتی جا رہی ہے۔
اوشیئن گیٹ ایکسپیڈیشن نامی کمپنی نے گزشتہ برس اپنی ٹائٹن سب مرزیبل کے ذریعے جہاز کے ملبے کی جگہ کا دورہ کیا اور جہاز کے مستول کے منہدم ہونے کے ساتھ 12 ہزار 500 کی گہرائی میں بڑھتے ملبے کی تصدیق کی۔ سمندر کی تہہ میں موجود جہاز کے ملبے تک غوطوں کے دوسرے سالانہ سلسلے میں کمپنی کے بانی اور سربراہ اسٹاکٹن رش کا کہنا ہے کہ جہاز پچھلے سال کی نسبت زیادہ بری حالت میں ہے۔ جہاز سمندر میں اپنی قدرتی تباہی سے گزر رہا ہے۔
واضح رہے ٹائٹینک اپنے پہلے سفر کے دوران برف کے تودے سے ٹکرا کر ڈوب گیا تھا جس کے نتیجے میں 1500 افراد ہلاک ہوئے تھے۔