یہ گالف بال کے جیسے دیکھنے والا اصل میں ایک ریڈار ہے

کوئنزلینڈ: آسٹریلیا میں گالف کی گیند کی مانند ایک بڑی شے دیکھ کر لوگوں نے اسے ایک شو پیس کہا تو دوسرے نے اسے پانی کی ٹنکی بتایا لیکن حقیقت میں یہ رائل آسٹریلیا ایئر فورس کا ریڈار ہے جو طیاروں پر نظر رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

لگ بھگ 34 برس قبل یہ ریڈار یہاں نصب کیا گیا تھا جو گپس لینڈ نامی خطے کے ڈٹسن علاقے میں واقع ہے اور لگ بھگ 18 میٹر بلند ہے تاہم اسے پرانا ہونے پر اگلے ماہ ستمبر میں ہٹادیا جائے گا اور اس کی جگہ نیا ریڈار نصب کیا جائے گا جو قدرے جدید ہوگا۔

علاقے کے رہائشی اس ریڈار پر فخر کرتے ہیں کیونکہ یہ عمارت ان کی پہچان ہے اور حوالے کے طور پر بھی کام آتی ہے تاہم دیگر افراد نے کہا ہے کہ اسے ہٹانے کی بجائے سیاحت کی جگہ ضرور بنایا جاسکتا ہے۔

ایک اور شخص نے کہا کہ اس ریڈار کو اتار کر کسی حقیقی گالف کلب میں پہنچادیا جائے تو یہ بہتر ہوگا۔ کچھ لوگوں نے کہا ہے کہ رقم جمع کرکے اس کا تحفظ کیا جاسکتا ہے اور وہ فنڈنگ کے لیے بھی تیار ہیں کیوں کہ مقامی افراد کا خیال ہے کہ وہ اس عمارت سے جذباتی لگاؤ رکھتے ہیں۔

 

دوسری جانب آسٹریلوی فضائیہ نے کہا ہے کہ اس کی جگہ جدید اور چھوٹا ریڈار لگایا جائے گا لیکن ان کا ادارہ اس خوبصورت ڈیزائن کو دوبارہ استعمال کرنے یا بحال کرنے پر بھی غور کررہا ہے۔ اس ضمن میں انہوں ںے عوام سے رائے بھی مانگی ہے۔