آپ کی چکمدار اور شفاف جلد کا راز چھپا ہے صرف دو سبزیوں میں

خواتین اپنی خوبصورتی بالخصوص چہرے کی تروتازہ اور شفاف جلد سے متعلق کافی حساس ہوتی ہیں آج ہم انہیں اس حوالے سے اہم اور آسان ٹپ بتائیں گے۔

’وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ‘ اور اس کائنات کو رونق بخشنے کے لیے خواتین ہمیشہ حسین سے حسین تر نظر آنے کی جستجو میں لگی رہتی ہیں، کہیں دولت کی ریل پیل میں لاکھوں روپے حسن وخوبصورتی کے حصول کیلیے پانی کی طرح بہائے جاتے ہیں کہیں محدود وسائل میں ٹونے ٹوٹکے کرکے خوبصورت بننے کی جستجو جاری رہتی ہے، غرض خوبصورت نظر آنا ہر صنف نازک کی سرشت میں شامل ہے۔

اسی خوبصورتی کا سب سے اہم جزو جلد ہے جس کو شفاف اور تروتازہ رکھنے کے لیے خواتین کئی کئی جتن کرتی ہیں پارلرز کے چکر لگائے جاتے ہیں، ڈائٹ پر توجہ دی جاتی ہے لیکن ہم یہاں ’’کم خرچ بالا نشین‘‘ کی مثل کے مترادف ایسا آسان نسخہ بتا رہے ہیں جس کو استعمال کرکے آپ اپنی جلد کو تروتازہ اور شگفتہ بنا سکتی ہیں۔

آپ کی چکمدار اور شفاف جلد کا راز چھپا ہے صرف دو سبزیوں میں اور وہ ہیں دھنیا اور لیموں۔

دھنیا:

دھنیا اینٹی آکسیڈنٹس، فولیٹ، وٹامن سی اور بیٹا کیروٹین سے بھرپور ہوتا ہے یہ ہماری جلد نرم وملائم اور چمکدار بنانے کی خصوصیت رکھتا ہے، دھنیے میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس ہمارے جسم میں فری ریڈیکلز کی نقل و حرکت میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ اس طرح عمر بڑھنے کا عمل سست ہوجاتا ہے جو ہماری جلد کو اپنی لچک برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے۔

لیموں:

لیموں ہماری خوبصورتی کے اضافے میں اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ ان کے کئی قدرتی فوائد ہیں، لیموں وٹامن سی، کیلشیم، پوٹاشیم اور میگنیشیم کا ایک بہترین ذریعہ ہیں یہ تمام غذائی اجزا آپ کی جلد کی اندرونی حالت اور ظاہری شکل کو بہتر بنانے میں مدد کرتے ہیں۔

جلد کی خوبصورتی کیلیے دھنیے اور لیموں کا جوس:

اگر دھنیا اور لیموں ملا کر اس کا شربت بنا کر استعمال کیا جائے تو ان دنوں کے قدرتی اجزا مل کر آپ کی جلد کیلیے اینٹی آکسیڈینٹ ایک خزانہ بن جاتے ہیں جو جلد کے ساتھ جسمانی صحت کیلیے بھی مفید ثابت ہوتے ہیں، یہ شربت تازگی فراہم اور سوزش ختم کرتا ہے۔ اس کے استعمال سے جھریاں جھائیاں ختم کرنے کے لئے مفید ہے۔
یہ مشروب نہ صرف آپ کی خوبصورتی میں اضافے اور جلد کے لئے بہترین ہے بلکہ یہ وزن کم کرنے اور جسم سے زہریلے مادے خارج کرنے کے لئے بھی بےحد ضروری ہے یہ ہمارے نظامِ ہاضمہ سے لے کر جسم کے دیگر اندرونی نظام کو بہتر بناتا ہے جسم سے آلودگی کا خاتمہ کرتا ہے اور ایک بہترین ڈٹاکس ڈرنک ہے۔

لیموں اور ہرا دھنیے کا جوس بنانے کا طریقہ:

اجزا: ایک کپ ہرے دھنیے کی پتیاں، آدھا لیموں، پانی حسب ضرورت

بلینڈر میں دھنیے کی پتیاں اور لیموں کا رس شامل کریں اب اس میں حسبِ ضرورت پانی ڈال کر اسے اچھی طرح بلینڈ کرلیں اور پھر ٹھنڈا کرنے کیلیے فریج میں رکھ دیں یا برف ڈال کر چینی شامل کیے بغیر پی لیں۔