بلوچستان کے 19 اضلاع میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آج سےآغاز شروع

 کوئٹہ: بلوچستان کے 19 اضلاع میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آج سےآغاز کردیا گیا ہے۔

صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق  مہم کے دوران تقریباً 17 لاکھ 85 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاوٴکے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں 6 ہزار 820 ٹیمیں بچوں کو پولیو سے بچاؤ  کے قطرے پلانے پر مامور ہوں گی۔بلوچستان میں جنوری 2021ء سے اب تک پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی یوم پولیو کا مقصد ملک و معاشرے سے موذی مرض کا خاتمہ کرنا ہے۔ ورلڈ پولیو ڈے منانے کا مقصد بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا بروقت علاج نہ ہونے کے باعث بچے عمر بھر کی معذوری کا شکار ہوتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو  نے کہا کہ پولیوکاخاتمہ نا ممکن نہیں البتہ مشکل ضرور ہے جس کے لیے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ پولیو ورکرز کو ان کی انتھک محنت پر سلام پیش کرتے ہیں۔ ہمارا بھی مقصد یہی ہے کہ اس موذی مرض کا خاتمہ یقینی ہو تاکہ ہمارا ملک بھی پولیو سے پاک ہو۔