نوزائیدہ بچوں کو آکسیجن لگانے سے متعلق گائیڈ لائن تیار

 

اسلام آباد:پاکستان میں پہلی بار نوزائیدہ اور قبل ازوقت پیدا ہونے والے بچوں کو آکسیجن لگانے سے متعلق گائیڈ لائن تیار کرلی گئی ہے، چھوٹے بچوں کو زیادہ آکسیجن دینے سے بینائی متاثر ہو رہی ہے۔

 پاکستان میں اس سے قبل بچوں کو لگائی جانے والی آکسیجن بغیر گائیڈلائن کے دی جارہی تھی جس کے طبی نقصانات اور تحقیقی کا جائزہ لے کر پہلی بار تحقیقی گائیڈلائن تیار کی گئی ہے جس کی تفصیلات تین روزہ عالمی کانفرنس میں پیش کی جائیں گی۔

یہ بات پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن پاکستان کے پروفیسر سید جمال رضا، چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی، ڈاکٹر محمدخالد شفیع، ڈاکٹر وسیم جمالوی، چیف کوآرڈنیٹر، آرگنائزنگ کمیٹی اور ڈاکٹر تاج محمد لغاری اور این آئی سی ایچ کے ڈاکٹر صلاح الدین نے کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے کی۔

کانفرنس 26اکتوبر سے شروع ہوکر 30اکتوبر تک جاری رہے گی جس میں ملک بھر سے 3000سے زائد ماہرین شرکت کریں گے جبکہ امریکا، سعودیہ عرب، قطر، ملائیشیاء سمیت دیگر ممالک کے ماہرین بھی شرکت کریں گے۔

پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کانفرنس میں 100زائد پری کانفرنس ورکشاپ، 9آن سائٹ پری کانفرنس ورکشاپ اور 24سائنسی سمپوزیم بھی منعقد کیے جائیں گے۔

 کانفرنس میں نوجوان محققین کی جانب سے 70سے زائد تحقیقی مقالے اور 50پوسٹرز بھی پیش کیے جائیں گے۔