ٹوئٹر کے دو اہم عہدیدار برطرف ، نئے مالک ایلون مسک کی انوکھی انٹری

ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال سمیت تین اعلیٰ عہدیداروں کو برطرف کردیا۔ ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایلون مسک نے ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پراگ اگروال،چیف فائنانشل آفیسر اور لیگل پالیسی کے ہیڈ کو برطرف کردیا۔واضح رہے کہ ٹوئٹر کی فروخت کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے پر پراگ اگروال نے ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

ایلون مسک نے رواں سال اپریل میں ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالرز میں خریدنے کا معاہدہ کیا تھا تاہم دو ماہ بعد انہوں نے ٹوئٹر کوخریدنے سے انکار کردیا تھا۔

امریکی  ریاست ڈیلاویئر کی عدالت نے معاہدے پر باضابطہ عمل کرنے کے لیے ایلون مسک کو 28 اکتوبر تک کی مہلت دی تھی۔ایلون مسک نے ٹوئٹ میں ٹوئٹر خریدنے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی تہذیب کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے کہ ایک مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہو جہاں صحت مندانہ انداز میں مختلف عقائد پر بات چیت کر سکیں۔

  دنیا کے امیرترین شخص ایلون مسک کی ٹوئٹر کے دفتر میں منفرد اینٹری سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ایلون مسک ٹوئٹر کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلی بار دفتر پہنچے تو ان کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ یا بریف کیس کے بجائے ایک ایسی چیزتھی جسے دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔

دنیا کے امیر ترین شخص سنک اٹھائے کر اپنے نئے دفتر میں داخل ہوئے۔ ایلون مسک کی ویڈیو منظر عام پر آتے ہی وائرل ہوگئی جسے اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔