الینوائے: ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ شادی شدہ جوڑے اگر ایک دوسرے کے شکرگزار رہیں تو اس سے شدید مالیاتی مسائل میں بھی تنازعہ پیدا نہیں ہوتا، تعلقات مستحکم ہوتے ہیں اور باہمی ذہنی تناؤ میں کمی ہوتی ہے۔
نفسیات دانوں نے اسے ایک طاقتور طریقہ بتایا ہے کیونکہ اس سے نہ صرف باہمی الفت پروان چڑھتی ہے بلکہ بے جا بحث و تکرار کا خاتمہ بھی ہوتا ہے۔ ایک دوسرے کی پذیرائی کرنے والے شادی شدہ جوڑے پرسکون رہتے ہیں۔ ان میں اندرونی اور بیرونی دباؤ جھیلنے کی صلاحیت بھی بڑھتی ہے۔
یونیورسٹی آف الینوائے، اربانا شیمپن میں خاندانی مطالعے اور انسانی ترقی و نفسیات کے پروفیسر ایلن ڈبلیو بڑٹن کہتے ہیں کہ جب میاں بیوی ایک دوسرے کی توصیف کرتے ہیں تو اس کے دوررس اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس ضمن میں سینکڑوں جوڑوں پر تجربات کئے گئے۔
ڈاکٹر ایلن اور ان کی ٹیم نے مسلسل 15 ماہ تک 316 افریقی امریکی جوڑوں کا مطالعہ کیا اور ان سے کہا کہ شوہر اور بیوی ایک دوسرے کی بامعنی اور سچی تعریف کریں۔ جاننا تھا کہ زندگی کی مشکلات پر اس کے کیا مثبت اثرات ہوتے ہیں اور تنگدستی میں اس سے کچھ فائدہ مل سکتا ہے یا نہیں؟
سروے میں شامل افراد درمیانی عمر کے تھے اور متوسط دیہی پس منظرسے تعلق رکھتے تھے۔ 65 فیصد میاں بیوی مشترکہ طور پر کمانے کے باوجود بھی غربت کے درجے میں شامل تھے۔ شرکا کے بچوں کی تعداد تین تھی لیکن بعض جوڑوں کے 8 بچے بھی تھے۔ شادی شدہ جوڑے کم ازکم دس برس سے ساتھ رہ رہے تھے۔ تحقیق کا مقصد پذیرائی کرنے اور سننے کے مثبت اثرات کے متعلق تھا۔
سوا برس میں تمام جوڑوں سے کل تین مرتبہ رابطہ کیا گیا اور سوالات کیے گئے جو تکرار اور تنازعات اور ان کے حل، تعریف کرنےکے عمل اور تعریف سننے کے متعلق تھے۔ پھر ان سے مالی مسائل کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔ سب سے اہم بات یہ تھی کہ ان سے باہمی تعلقات انتہائی خوشگوار سے لے کر انتہائی ناخوشگوار تک کے بارے میں بھی سوالات کیے گئے۔
جن شادی شدہ جوڑوں نے ایک دوسرے کی تعریف اور شکریہ ادا کیا ان کی زندگی دیگر کے مقابلے میں زیادہ پرسکون دیکھی گئی اور یوں وہ بڑے مسائل سے بھی بآسانی گزرگئے۔ ایسےافراد اپنے حال پر راضی اور مستقبل سے پرامید تھے۔
سب سے بڑھ کر احساسِ تشکر نے میاں اور بیوی دونوں کو رقم کی پریشانی میں بھی مطمئن رکھا اور ان کے دل میں الگ رہنے کا خیال بھی نہ آیا۔ تاہم ماہرین نے کہا ہے کہ شکرگزاری کے دیگر بہت سے اصلی اور سچے طریقے ہوسکتے ہیں اور جوڑوں کو تمام طریقے استعمال کرنا ہوں گے۔