سردی کے آغاز سے ہی جلد اپنی قدرتی نمی کھونے لگتی ہے اوراس میں کھچاؤ، ڈھیلی پڑنااور جھریوں کے علاوہ سخت کھردری ،پھٹی ایڑیوں کے مسائل بھی سامنے آتے ہیں۔
دراصل ہمارے جسم کی سب سے سخت جلد ایڑیوں کی ہوتی ہے اور جسم کے اس حصے میں نمی کی مقدار کم ہوتی ہے۔ اس وقت اگر لاپرواہی برتی جائے تو دن بدن جلد کھنچنے لگتی ہے جس سے کریکس یعنی دراڑیں پڑ جاتی ہیں۔
موجودہ زمانے میں پیروں کے صفائی اور دیکھ بھال کے لیے سیلون میں ‘پیڈیکیور’ کیا جاتا ہے جو کہ کافی مہنگا ثابت ہوتا ہے اور اسے گھر پر کیا جائے تب بھی اس میں استعمال ہونے والی مصنوعات کافی مہنگی ہوتی ہیں۔
یہاں پر پھٹی ایڑھیوں کے لیے چند بہترین طریقے پیش کیے جارہے ہیں جو آپ کو اس مسئلے سے نجات دے کرآپ کے تلوؤں کی جلد کو نرم وملائم بنانے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔
پھٹی ایڑھیوں کے لیے علاج کے لیے چند آزمودہ طریقے
گرم پانی سے علاج
ایک برتن میں نیم گرم پانی ڈال کر اس میں نمک اور بیکنگ سوڈا شامل کرکے اچھی طرح ہلائیں اب اس میں اپنے پیروں کو15 منٹ کے لیے بھگودیں، 15 منٹ کے بعد پیروں کو خشک کر کے جھاوے کی مدد سے ایڑھیوں کو نرمی سے رگڑیں تاکہ اس پر موجود پٹھی ہوئی جلد صاف ہوجائے۔
بعد ازاں پانی میں دو کھانے کے چمچ کوئی بھی تیل لے کر اس میں ایک کھانے کا چمچ چینی شامل کریں، اس مرکب کو کم از کم 5 منٹ تک استعمال کرتے ہوئے اپنی ایڑیوں اور پیروں کو آہستہ سے رگڑیں اور پھر نیم گرم پانی سے اپنے پیروں کو دھولیں۔
تیسرے مرحلے میں پیروں کو موئسچرائزکریں، اس مقصد کے لیے موم اور زیتون کے تیل کو استعمال بہتر رہتا ہے، اگر آپ موم استعمال کررہے ہیں تو اسے گرم پانی کے پیالے کے اوپر رکھ کر گرم کریں تاکہ وہ پگھل جائے اب اس میں زیتون کا تیل شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں اس مرکب کو پیروں پرخصوصاً پھٹی ایڑھیوں پرلگائیں اور موزے پہن کر سو جائیں صبح پھٹی ایڑھیاں بلکل ٹھیک ہوجائیں گی۔
ریڈ سوپ کا استعمال
کچھ لوگ گھر میں ہاتھ دھونے کے لئے ریڈ سوپ استعمال کرتے ہیں، آپ ریڈ سوپ کی آدھی ٹکیا کرش کریں پھر اس میں 25 ملی لیٹر گلیسرین ملا کر ہاتھوں سے گوندھ کر پیسٹ بنا لیں اور روزانہ رات کو سونے سے پہلے یہ پیسٹ پھٹی ہوئی ایڑیوں پر لگائیں، اس پیسٹ کے روزانہ استعمال سے ایڑیاں نہ صرف نرم ہونگی بلکہ ان کی رنگت بھی گلابی ہو جائے گی۔