اتر پردیش: بھارت میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں پولیس نے الزام لگایا ہے کہ اسمگلرز سے پکڑی گئی 200 کلو بھنگ چوہے کھا گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر ماتھورا میں پولیس نے اسمگلرز سے پکڑ کر تھانوں میں رکھی گئی تقریباً 200 کلو گرام بھنگ کھانے کا الزام چوہوں پر لگایا ہے۔
ریاست اتر پردیش کی ایک عدالت نے پولیس سے کہا تھا کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ کے کیس میں ثبوت کے طور پر پکڑی گئی منشیات عدالت میں پیش کریں، جس پر پولیس نے بتایا کہ چوہوں نےضبط شدہ 200 کلو گرام بھنگ میں سے 195 کلو گرام بھنگ کھا کر ختم کردی۔
عدالت کے جج سنجے چوہدری نے ایک حکم میں کہا کہ جب عدالت نے پولیس سے ضبط شدہ منشیات کو ثبوت کے طور پر پیش کرنے کو کہا تو بتایا گیا کہ چوہوں نے 195 کلو گرام بھنگ کھا کر ختم کردی۔
اس کے علاوہ ایک اور کیس میں بھی جس میں 386 کلو گرام منشیات پکڑی گئی تھی،جب عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا تو پولیس نے رپورٹ درج کرائی کہ یہ بھنگ بھی مبینہ طور پر چوہوں نے کھا لی۔
جج نے کہا کہ اس معاملے سے نمٹنے کا پولیس کے پاس کوئی مہارت نہیں اس لیے ضبط شدہ منشیات کو ایسے بے خوف چوہوں سے بچانے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ اسے ریسرچ لیبز اور میڈیسن فرمز کو فروخت کردیا جائے اور حاصل ہونے والی رقم حکومت کو دی جائے۔