صحت کے لیے مفید پپیتے کے بیج

انسانی صحت کے لیے پپیتے کی افادیت کوئی نئی بات نہیں لیکن اس میں موجود بیج ایسی شے ہیں جن کو ہم بے وقعت سمجھ کر کوڑے دان کی نذر کر دیتے ہیں۔

تلخ ذائقہ رکھنے والے یہ سیاہ دانے پپیتے کی طرح اپنے اندر صحت کے لیے انتہائی مفید اجزا رکھتے ہیں۔ ان بیجوں کو خشک کرنے کے بعد پیس کر سفوف کی صورت میں ڈھال لینا ان کے استعمال کا درست طریقہ ہے۔

یہ بیج اپنے اندر انسانی صحت کے لیے درجِ ذیل فوائد رکھتے ہیں:

بہتر ہاضمہ

پپیتے کے بیج میں پیپین نامی ایک خامرہ پایا جاتا ہے جو ہاضمے میں مدد دیتا ہے۔ ہاضمے کو بہتر کرنے کے لیے اور مسائل سے بچنے کے لیے ایک چائے کا چمچہ تازہ پپیتے کے بیج کھانے کے بعد کھائے جاسکتے ہیں۔

صحت مند جگر

یہ بیج اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور ہوتے ہیں جو جسم سے زہریلے مواد کو نکال کر جگر کے فعل کو بہتر کرتے ہیں۔ پپیتے کے بیج میں موجود یہ مرکبات جگر کو زہریلے مواد سے پاک کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

انسداد سوزش خصوصیات

پپیتے کے بیجوں میں موجود فلیونائیڈ اور فینولک مرکبات سوزش کم کرنے اور آرتھرائٹس جیسی کیفیات سے راحت بخشنے مدد دیتے ہیں۔

بہتر مدافعتی نظام

وٹامن سی سے بھرپور پپیتے کے بیج مدافعتی نظام کو بہتر کرنے اور کولیجن کی پیداوار میں مدد دیتے ہیں جو جِلد، بالوں اور ناخنوں کی صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔

وزن کم کرنے میں مدد گار

پپیتے کے بیج میں بھاری مقدار میں موجود فائبر وزن پر قابو پانے میں مدد دے سکتا ہے۔ فائبر آپ کو زیادہ وقت تک بھوک کا احساس نہیں ہونے دیتا، بلڈ شوگر کی مقدار کو قابو میں رکھتا ہے اور وزن کم کرنے کی کوششوں کو سہارا دیتا ہے۔

بہتر قلبی صحت

یہ بیج اپنے اندر یک ناشاستہ چکنائی اور اینٹی آکسیڈنٹس رکھتے ہیں جو مضر کولیسٹرول کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں اور قلبی امراض کے خطرات سے بچا سکتے ہیں۔