موجودہ عہد میں ڈپریشن اور انزائٹی جیسے ذہنی امراض بہت زیادہ عام ہو چکے ہیں مگر ان سے بچنا بہت آسان ہے۔
جرنل سائیکاٹری ریسرچ میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد روزانہ 2 سے 3 کپ کافی پینے کے عادی ہوتے ہیں، ان میں انزائٹی یا ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ اس مشروب سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں کم ہوتا ہے۔
اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ معتدل مقدار میں کافی پینے سے ذیابیطس ٹائپ 2، جگر کے امراض، فالج اور کینسر جیسے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں شامل ماہرین نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ اس گرم مشروب کو پینے سے انزائٹی یا ڈپریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے یا نہیں۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ ایک کپ کافی پینے سے بھی ڈپریشن اور انزائٹی سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے، مگر 2 سے 3 کپ کافی پینے والوں کو زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ اگر کوئی فرد روزانہ 3 کپ سے زیادہ کافی پینا ہے تو ہر اضافی کپ سے انزائٹی یا ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران ایک لاکھ 46 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
ان افراد سے 2006 سے 2010 کے دوران کافی پینے کی عادت اور ذہنی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی گئی تھی۔
اس کے بعد 2016 میں ان افراد سے انزائٹی اور ڈپریشن کی تشخیص کے لیے استعمال کیے جانے والے 2 سوالنامے بھروائے گئے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ 2 سے 3 کپ کافی پینے سے دونوں ذہنی امراض سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
مگر تحقیق میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کافی پینے سے ان دونوں امراض سے بچنے میں مدد کیوں ملتی ہے۔
محققین نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے مگر ہمارا مشورہ ہے کہ صحت مند طرز زندگی کے لیے معتدل مقدار میں کافی پینا عادت بنالیں تاکہ ڈپریشن اور انزائٹی جیسے عام امراض سے تحفظ مل سکے۔