سائنسدانوں نے دہی کھانے کا ایک اور بہترین فائدہ دریافت کرلیا

اگر آپ کو دہی کھانا پسند ہے تو اس عادت کا ایک اور بہترین فائدہ سائنسدانوں نے دریافت کرلیا ہے۔

دہی کھانے سے سانس کی بو کو دور رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دہی میں موجود پروٹینز سانس کی بو خاص طور پر لہسن کھانے کے بعد پیدا ہونے والی بو کی روک تھام کرتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ سانس میں بس جانے والی لہسن کی بو کو دور کرنے کا مؤثر ترین طریقہ دہی کھانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لہسن کے استعمال کے فوری بعد دہی کھانا اس بو کو دور کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہی سے لہسن کی 99 فیصد بو کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دہی میں پروٹین کی زیادہ مقدار کا یہ منفرد فائدہ ہے جس کا پہلے ہمیں علم نہیں تھا۔

محققین کے مطابق دہی میں موجود چکنائی اور پروٹین لہسن کے بو پیدا کرنے والے مرکبات کو ناکارہ بنانے کا کام کرتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل مالیکیولز میں شائع ہوئے۔