بھارت: فلسطین کے حق میں ریلی نکالنے پر علی گڑھ یونیورسٹی کے طلبہ پر مقدمہ درج

بھارت میں فلسطین کے حق میں ریلی نکالنے پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے 4 طالب علموں پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طالب علموں کی جانب سے ریلی نکالنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد بھارت کے سیاسی رہنماؤں کے اعتراضات پر پولیس حرکت میں آگئی۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ سول لائن پولیس اسٹیشن نے علی گڑھ یونیورسٹی کے 4 طالب علموں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے جب کہ ریلی میں شریک دیگر کی شناخت پریڈ کا سلسلہ جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طالب علموں کے خلاف یہ مقدمہ  تعلیمی ادارے میں ایک بین الاقوامی مسئلے پر بغیر انتظامیہ کی اجازت کے ریلی نکالنے پر کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق طالب علم ریلی نکالتے ہوئے علی گڑھ یونیورسٹی کے باب سید گیٹ پر جمع ہوئے اور اس دوران انہوں نے پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے جب کہ طلبہ کی جانب سے فلسطین کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ ابھی صرف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کی جارہی ہیں تاہم کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔