جب صحت مند جسم کی بات آتی ہے تو گردوں کی صحت ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے، کیونکہ گردوں کا انسانی جسم کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ہے۔
گردوں کی صحت کو بہتر بنانے کیلئے نہ صرف غذائیں بلکہ مناسب طرزِ زندگی بھی اہم تصور کیا جاتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق سوڈیم کا زیادہ استعمال گردوں کی صحت کو متاثر کرتا ہے۔ غذا میں نمک کا استعمال جتنا ممکن ہو محدود ہونا چاہیے۔
ذیل میں بتائی گئی غذائیں گردوں کی صحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، یہ غذائیں نہ صرف گردوں بلکہ مجموعی صحت کیلئے بھی بہت مفید ہیں۔
سیب (Apple)
اس بات سے انکار ممکن نہیں کہ دن میں ایک سیب کھانا ڈاکٹر سے دور رکھتا ہے، سیب کو گردوں کی حفاظت کے لیے بہترین کہا جاتا ہے۔
سیب میں موجود پیکٹین گردوں کو ان عوامل سے بچاتا ہے جو گردوں کی بیماریوں کی وجہ بنتے ہیں۔
بیریز (Berries)
بیریز اینٹی آکسیڈنٹس اور غذائی اجزاء کا ایک بہت اہم ذریعہ ہیں، گردوں کی صحت کی حفاظت کے لیے بیریز کو اپنی غذا میں شامل کرنا ضروری ہے۔
رسیلے پھل (Citrus Fruit)
گردوں کی صحت کو فروغ دینے میں ’وٹامن سی‘ کا سب سے اہم کردار ہے، جتنا زیادہ وٹامن سی حاصل کیا جائے گا اُتنی ہی تیزی سے گردے صحت مند ہوں گے۔
رسیلے پھل خصوصاً کینو اور لیموں میں یہ اہم وٹامن وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق روزانہ آدھے لیموں کے رس کو ایک گلاس پانی میں پینے سے پتھری بننے کے امکانات میں کمی ہوتی ہے۔
گوبھی (Cabbage)
گوبھی میں چونکہ سوڈیم کی مقدار خاصا کم ہوتی ہے جو اسے گردوں کی بیماریوں سے بچاؤ میں مفید بناتی ہے۔
اس میں مجموعی صحت کے لیے متعدد مفید مرکبات اور وٹامنز بھی پائے جاتے ہیں۔ اس کو ہلکا پکا کر کھانا اسے انسانی صحت کیلئے مؤثر بناتا ہے۔
شکر قندی (Sweet Potatoes)
شکرقندی میں پائے جانے والے وٹامنز اور معدنیات کی تعداد گردوں کیلئے بہت مفید ہیں، اس کو دن میں کسی بھی وقت کھایا جاسکتا ہے۔
یہ فائبر کی مقدار کو کم کرنے میں بھی مؤثر ہے جو وزن کی کمی میں اہم کردارادا کرتا ہے۔
کیل (Kale)
گردوں کی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے پتوں والی سبز سبزیاں اپنی غذا میں شامل کرنا ایک بہترین انتخاب ہے۔
بازاروں میں آسانی سے دستیاب ہونے والی یہ سبزی ان تمام وٹامنز سے بھرپور ہوتی جو گردوں کیلئے ضروری ہوتے ہیں۔
پھول گوبھی (Cauliflower)
وٹامن سی، فولیٹ اور فائبر سے بھرپور پھول گوبھی گردوں کی صحت کو بہتر کرنے کیلئے ایک بہترین سبزی ہے۔
اس میں موجود پوٹاشیم گردوں کے لیے انتہائی شفا بخش ہے جو جسم میں موجود اضافی سوڈیم کو باآسانی خارج کرتا ہے۔