اسلام آباد : حکومت نے ملک میں خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا، مہم چاروں صوبوں کے 31 اضلاع میں چلائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ملکی سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ، حکومت نے ملک میں خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ خصوصی پولیو مہم چاروں صوبوں کے 31 اضلاع میں چلائی جائے گی، آؤٹ بریک رسپانس نام سے مہم پازیٹو سیوریج سیمپلز والے اضلاع میں چلائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں کے 6 آوٹ بریک زونز میں خصوصی پولیو مہم چلے گی، آوٹ بریک رسپانس پولیو مہم تین مراحل میں چلائی جائے گی۔
او بی آر پولیو مہم کا پہلا فیز 30 اکتوبر تا 5 نومبر تک اور سیکنڈ فیز 27 نومبر تا 2 دسمبر چلے گا جبکہ اختتامی فیز دسمبر کے آخری ہفتے منعقد ہو گا۔
زرائع کے مطابق خصوصی پولیو مہم میں 1 کروڑ 8 لاکھ 2342 بچوں کی ویکسینیشن ہو گی، کراچی سنٹرل، ایسٹ، ویسٹ، ساوتھ میں خصوصی پولیو مہم چلے گی، کورنگی، ملیر، کیماڑی میں خصوصی پولیو مہم چلائی جائے گی۔
اس کے علاوہ پشاور، ہنگو، خیبر ، اسلام آباد، راولپنڈی، اپر جنوبی وزیرستان ، کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ، پشین ، ڈیرہ بگٹی، کشمور، راجن پور، جعفر آباد ، نصیر آباد، صحبت پور، اوستہ محمد ، گوادر، آواران، حب، خضدار، لسبیلہ میں خصوصی انسداد پولیو مہم چلے گی۔
ذرائع نے کہا ہے کہ محسود بیلٹ او بی آر میں 3404 بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہو گی، پشین، چمن او بی زون میں 820125 بچوں ، ڈیرہ بگٹی او بی زون میں 13 لاکھ 7836 بچوں ، کراچی، حب میں 29 لاکھ 30861 بچوں ، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد 37 لاکھ 76728 بچوں اور پشاور آوٹ بریک زون میں 1243388 بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہو گی۔
رواں برس ملک بھر سے 54 سیوریج سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے ہیں،رواں برس ملک بھر سے چار پولیو وائرس کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔