پاکستان سمیت دنیا بھر میں کروڑوں افراد چائے اور کافی پینا پسند کرتے ہیں۔
ان دونوں مشروبات کو صحت کے لیے مفید مانا جاتا ہے مگر ان کی کتنی مقدار فائدہ مند ہوتی ہے؟
اس کا جواب سنگاپور میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ 4 کپ چائے یا کافی کے استعمال سے درمیانی عمر میں جسمانی کمزوری کا خطرہ نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق روزانہ محض ایک کپ چائے یا کافی پینے سے بھی درمیانی عمر میں خود کو جسمانی طور پر مضبوط رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس تحقیق میں 12 ہزار افراد کو شامل کیا گیا جن کی اوسط عمر 53 سال تھی۔
تحقیق کے آغاز پر ان افراد سے کیفین کے استعمال کے بارے میں معلومات حاصل کی گئی اور پھر ان کی صحت کا جائزہ 20 سال تک لیا گیا، جس دوران ان سے کئی بار سوالنامے بھروائے گئے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ درمیانی عمر میں چائے اور کافی جیسے مشروبات کا استعمال بڑھاپے میں جسمانی کمزوری کا امکان کم کر دیتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ چائے اور کافی میں موجود کیفین اس حوالے سے اہم کردار کرتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ 4 کپ کافی یا سیاہ اور سبز چائے کا استعمال اس حوالے سے بہترین ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں چائے اور کافی کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے اور تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ ان مشروبات سے بڑھاپے میں جسمانی کمزوری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے اور یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کیفین کے علاوہ کونسے کیمیائی مرکبات اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں۔
مگر انہوں نے مزید کہا کہ اس تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ درمیانی عمر میں ان مشروبات کے 4 یا اس سے زائد کپ پینے کے عادی افراد بڑھاپے میں چائے یا کافی سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں جسمانی طور پر زیادہ مضبوط تھے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف دی امریکن میڈیکل ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن میں شائع ہوئے۔