انڈوں کی زردی کے مختلف رنگ : وجہ کیا ہے؟

انڈے کا چھلکا سفید یا براؤن رنگ کا ہوتا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ زردی بھی متعدد رنگوں کی ہوتی ہے؟

جی ہاں انڈے کی زردی کئی رنگوں کی ہو سکتی ہے اور اس کی وجہ کافی دلچسپ ہے۔

ویسے یہ جان لیں انڈے کی زردی ہلکے پیلے، گہرے پیلے اور نارنجی رنگوں کی ہو سکتی ہے۔

بیشتر افراد کا خیال ہوتا ہے کہ مرغی کی نسل انڈے کی زردی کے رنگ کا تعین کرتی ہے، مگر یہ خیال غلط ہے۔

البتہ یہ بات درست ہے کہ مرغی کی نسل انڈے کے چھلکے کے رنگ کا ضرور تعین کرتی ہے۔

جہاں تک انڈے کی زردی کے رنگ کا تعلق ہے تو اس کا مکمل انحصار مرغیوں کی غذا پر ہوتا ہے۔

جن مرغیوں کو پیلے اور نارنجی رنگ کی فیڈ استعمال کرائی جاتی ہے، ان کے انڈوں کی زردی گہرے رنگ کی ہوتی ہے۔

اگر مرغیوں کو سرخ شملہ مرچ کھلائی جائے تو ان کے انڈوں کی رنگت بھی سرخی مائل ہو جائے گی۔

مگر کیا گہرے رنگ کی زردی صحت کے لیے زیادہ مفید ہوتی ہے؟

اس کا جواب یہ ہے کہ زردی کا رنگ جو بھی ہو صحت پر اس سے یکساں اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

البتہ گہرے رنگ کی زردی میں وٹامنز کی مقدار زیادہ اور کولیسٹرول کی مقدار کم ہوتی ہے۔

کچھ افراد کا ماننا ہے کہ گہرے رنگ کی زردی والے انڈے زیادہ مزیدار ہوتے ہیں۔