پروٹین ڈائٹ سے انکار، پاکستانی کرکٹرز نے مشہور ہوٹل سے بریانی منگوالی

کولکتہ: پاکستانی کرکٹرز نے فائیو اسٹار ہوٹل کی پروٹین ڈائٹ مسترد کرتے ہوئے مشہور ہوٹل سے بریانی آرڈر کردی۔

قومی ٹیم ہفتہ کو کولکتہ پہنچی تھی جہاں پاکستان کا اگلا میچ کل ایڈن گارڈنز میں بنگلا دیش سے ہے لیکن اپنے اہم میچ سے قبل اطلاعات ہیں کہ ٹیم نے فائیو اسٹار ہوٹل کی پروٹین ڈائٹ کے بجائے بریانی اور دیگر کھانوں کو ترجیح دی ہے۔

بھارتی ویب سائٹ اسپورٹس تک نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے فائیو اسٹار ہوٹل کا صحت بخش کھانا مسترد کرتے ہوئے فوڈ ایپ کے ذریعے کولکتہ کے ایک مشہور ہوٹل سے بریانی، چانپ، فرنی، کباب اور شاہی ٹکڑے منگوائے۔

پاکستانی کرکٹرز نے اب تک پورے ٹورنامنٹ میں بریانی کا مزہ لیا ہے اور گزشتہ روز بھی ٹیم نے فائیو اسٹار ہوٹل میں رات کا پروٹین سے بھرپور کھانا کھانے سے انکار کردیا تھا، فائیو اسٹار کے مینیو میں ٹیم کیلئے اٹالین کباب، انڈے وغیرہ رکھے گئے تھے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم جس فائیو سٹار ہوٹل میں قیام پذیر ہے وہاں انتہائی سخت سیکورٹی رکھی گئی ہے اور پاکستان ٹیم کیلئے مختص فلور پر صرف خصوصی سروس کو ہی جانے کی اجازت ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی انتہائی خراب ہے اور مسلسل 4 میچز میں شکست کے بعد سیمی فائنل میں رسائی تقریباً ناممکن بن چکی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔