بیلن کو صاف کرنے کے 4 فوری اور آسان طریقے

گول روٹی کس کو پسند نہیں، گول روٹی کے پیچھے چھپا بیلن کچن کا اہم اور سب سے قیمتی اوزاروں میں سے ایک ہے۔

یہ نہ صرف گول روٹیوں بلکہ مزیدار پراٹھوں کو بنانے میں بھی مدد کرتا ہے۔ بیلن کو صاف کرنا خاصا مشکل کام سمجھا جاتا ہے۔

جہاں بیلن کا کردار روٹی بنانے کیلئے اہم ہے تو وہیں اس کی صفائی کا خیال رکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔

بیلن کو کم از کم ہفتے میں تین دفعہ صاف کرنا اہم ہے، کیونکہ بیلن کی ناقص صفائی مضرِ صحت ہے۔ خواتین بیلن کو ان ٹوٹکوں کی مدد سے باآسانی صاف کرسکتی ہیں۔

بیلن کو صاف کرنے کا سب سے آسان طریقہ گرم پانی سے دھونا ہے۔ پہلے بیلن پر موجود آٹے کو اسکریپ کریں، پھر اسے گرم پانی سے بھرے ایک بڑے باکس میں بھگو دیں۔

باکس میں ڈش واش سوپ بھی شامل کریں اور اسے 20 سے 30 منٹ تک بھگودیں، نکال کر اسے پانی سے اچھی طرح دھولیں۔

سرکہ
ایک قدیم زمانے سے سرکے کو صفائی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ اس کیلئے ایک باکس میں نیم گرم پانی میں دو چمچ سرکہ ڈال دیں، اس میں بیلن کو چند منٹ کیلئے بھگو دیں۔

بیکنگ سوڈا
بیکنگ سوڈا ضدی داغ دھبوں اور ناگوار بدبو کو دور کرنے کی صلاحیت کے لئے جانا جاتا ہے۔ یہ بیلن پر موجود آٹے کو ہٹانے کے لیے بھی مؤثر طریقے سے کام کرسکتا ہے۔

سب سے پہلے بیلن کو اسکریپ کریں، ایک باکس کو پانی سے بھرکر اس میں ایک چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا شامل کریں اور بیلن کو کچھ دیر اس میں بھگو دیں۔

لیموں کا رس
باورچی خانوں میں آسانی سے دستیاب رہنے والا لیموں صفائی میں بھی مفید ہے۔ ایک پانی سے بھرے باکس میں 2 لیموں کا رس شامل کریں۔

اس مکسچر میں بیلن کو 15 منٹ کیلئے بھگو دیں، لیموں میں موجود اینٹی بیکٹیریل خصوصیات صفائی کے عمل کو آسان بناتی ہیں۔