مارکیٹ میں ادویات پانچ گنا زائد قیمتوں پر فروخت کیے جانے کا انکشاف

کراچی : شہر قائد میں بعض اہم ادویات منظورشدہ قیمت سے پانچ گنا زیادہ قیمتوں پر فروخت کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا، جس میں بلڈ پریشر، شوگر، خون کو پتلا کرنے والی دوائیں شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیکل اسٹورز اورفارمیسز نے دواوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا، بلڈ پریشر، شوگر، خون کو پتلا کرنے والی دواؤں سمیت کئی ادویات کی قیمتیں پانچ گنا تک بڑھا دیں گئیں۔

ڈریپ کے کراچی میں کریک ڈاؤن کے دوران انکشاف ہوا کہ فارمیسی اور میڈیکل اسٹورز اتھارٹی کی جانب سے منظور شدہ زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت سے پانچ گنا اضافی نرخ پر ادویات فروخت کررہےہیں۔

نگران وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایات کے بعد اتھارٹی نے ملک بھرمیں ادویات کےمنافع خوروں کےخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے، جس کےدوران ہول سیلرز ، ڈسٹری بیوٹرز، فارمیسیز اور میڈیکل اسٹورز کے گوداموں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈریپ قوانین کے مطابق دوا ساز کمپنیاں ایم آر پی سےکم قیمت پرادویات فروخت کر سکتی ہیں، ڈریپ ٹیموں نے کراچی میں ڈی ایچ اے، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور دیگر علاقوں کے مختلف میڈیکل اسٹورز پر چھاپے مارے۔