نیند کا دورانیہ 5 گھنٹے سے کم ہونے کا خطرناک نقصان

لندن: طبی ماہرین نے ایک تحقیق سے نتیجہ اخذ کیا ہے کہ نیند کا دورانیہ اگر 5 گھنٹے سے کم ہو تو اس کا انسانی زندگی پر خطرناک نقصان ہوتا ہے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ رات کو 5 گھنٹے سے کم نیند لینے والے افراد میں ڈپریشن (ذہنی دباؤ) کا شکار ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ اس بات سے تو سبھی واقف ہیں کہ ذہنی صحت ٹھیک نہ ہو تو اس سے انسان کی نیند متاثر ہوتی ہے، تاہم حال ہی میں 7 ہزار سے زیادہ افراد پر کیے گئے ایک تجربے کا نتیجہ سامنے آیا ہے کہ خراب یا کم نیند دراصل ڈپریشن (ذہنی دباؤ) میں خطرناک اضافہ کر سکتی ہے۔

یونیورسٹی کالج لندن سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے ڈیٹا کی بنیاد پر بتایا ہے کہ جن لوگوں کی نیند کا دورانیہ 5 گھنٹوں سے کم ہو،  ان کے ذہنی دباؤ جیسی کیفیت میں مبتلا ہونے کے خطرات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ماہرین نے دلچسپ انداز میں بات سمجھانے کے لیے ایک مثال دی ہے کہ انسانی جسم کی ضرورت سے کم نیند اور ڈپریشن (ذہنی دباؤ) کے درمیان معاملہ بالکل ویسا ہی ہے جیسا کہ انڈے اور مرغی جیسا ہی ہے۔ یعنی یہ کیفیات ایک ساتھ پیش آتی ہیں مگر کونسی پہلے آتی ہے یہ نہیں معلوم۔