چین میں نمونیا پھیل گیا، بڑی تعداد میں بچے متاثر

بیجنگ: چین میں نمونیا پھیل گیا، جس کی وجہ سے بچے بڑی تعداد میں متاثر ہو رہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے انفیکشن کے خطرات کم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے چین سے شمالی علاقوں میں پھیلنے والی سانس کی بیماری اور بچوں میں نمونیا کے بڑھتے کیسز کے حوالے سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ چین کے شمال میں واقع علاقوں میں گزشتہ ماہ سے انفلوئنزا کے جیسی بیماری کے پھیلنے کی اطلاعات ہیں۔ اس حوالے سے بیجنگ حکومت سے تمام تفصیلات فراہم کرنے کی باضابطہ درخواست کی گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا میں آنے والی رپورٹس کے مطابق چین کے کئی شہروں کے اسپتالوں میں بیمار بچے بڑی تعداد میں آ رہے ہیں، جو نمونیا  سے متاثر ہیں۔

دوسری جانب چینی نیشنل ہیلتھ کمیشن نے وضاحت  میں بتایا ہے کہ سانس کے مرض میں اچانک اضافہ دراصل کورونا کی پابندیاں ختم کیے جانے اور عام بیکٹیریل انفیکشن کی وجہ سے پھیل رہا ہے، جس سے بچے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔