امیر انتقال، نگراں وزیراعظم تعزیت کیلئے کویت پہنچ گئے

کویت سٹی: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے امیر کویت  نواف الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر تعزیت کے لیے آج کویت کا دورہ کیا۔

کویت کے نئے امیر  شیخ مشعل الاحمد الصباح سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اپنی، قیادت، حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں اپنے کویتی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریاست کویت نے ایک ایسے رہنما کو کھو دیا ہے جنہوں نے اپنی بصیرت سے کویت کو ایک خوشحال ریاست میں تبدیل کیا؛ انہیں پاکستان کے خیر خواہ اور دوست کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

عزت مآب شیخ مشعل الاحمد الصباح نے دکھ کی اس گھڑی میں کویت کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان اور کویت کے  باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور  دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔