وزیراعظم کا دورہ: پاکستان سے ڈیڑھ لاکھ ہنرمندوں کو بیلا روس بھیجنے کا معاہدہ

پاکستان اور بیلاروس کے درمیان ایک جامع معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت 1.5 لاکھ سے زائد ہنرمند اور تربیت یافتہ نوجوانوں کو بیلاروس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی فوجی تعاون اور تجارتی تعلقات میں اضافہ کے حوالے سے متعدد شعبہ جاتی معاہدے طے پائے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری دورے پر بیلاروس کا دورہ کیا، جہاں میزبان صدر نے گرمجوشی سے استقبال کیا، مسلح افواج نے سلامی پیش کی، اور دونوں ممالک کے قومی ترانے گائے گئے۔

استقبالیے کے بعد منعقدہ تقریب میں حکام نے مختلف شعبہ جات میں اشتراک بڑھانے کے لیے ایم او یوز پر دستخط کیے۔

ان میں وزارتِ دفاع کے تعاون، پاکستان کے تجارتی اداروں اور بیلاروس کے صنعتی محکموں کے درمیان شراکت داری، اور پاکستان پوسٹ اور بیلاروس کے ڈاک محکموں کے درمیان پوسٹل سہولیات کے فروغ کے معاہدے شامل ہیں۔ مزید شعبہ جات میں بھی متفقہ ایم او یوز کے ذریعے تعاون کو فروغ دیا گیا۔

اس کے تحت زرعی مشینری کی تیاری، الیکٹرک گاڑیاں اور بسوں کی تیاری، غذائی تحفظ، اور دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ بزنس ٹو بزنس تعلقات کو بھی مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امور سمیت دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات میں حالیہ مثبت پیشرفت کا اظہار کیا۔