اگر آپ جوتوں اور موزوں کی بدبو سے پریشان ہیں تو چھٹکارے کیلئے یہ طریقے آزمائیں

اکثر افراد جوتوں اور موزوں سے اٹھنے والی بدبو کے مسائل کا شکار ہوتے ہیں اور اسی وجہ سے اکثر انہیں شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

موسم سرما میں جوتوں سے بدبو آنا ایک بڑا مسئلہ ہے،زیادہ چلنے یا مسلسل بیٹھنے کی وجہ سے بعض اوقات جوتوں اور موزوں سے بدبو آنا شروع ہوجاتی ہے۔

اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جن کے پیروں سے جوتوں کے ساتھ موزے پہننے کے باوجود بدبو آتی اُن کے پیروں میں غدود کی کثیر تعداد ہوتی ہے جس کی وجہ سے پسینہ زیادہ تعداد میں رستا ہے اور موزے پسینہ سوکھنے نہیں دیتے۔

ماہرین کے مطابق انسانی پیروں سے پیدا ہونے والی بدبو کی ایک اور وجہ پروپینوئک، میتھانیتھوئل اور آئسوویلرک ایسڈ بھی ہے جو پیروں کی مردہ کھال اور خلیات سے ناقابل برداشت بدبو پیدا کرتے ہیں۔

اس پریشانی چھٹکارا پانے کے متعدد طریقے ہیں جس پر عمل کرکے آپ خود کو پرسکون اور مطمئن محسوس کریں گے۔

بلیچ اورگرم پانی

ایک بالٹی میں گرم پانی لیں اور اس میں جوتے ڈال دیں۔ گرم پانی میں جوتے ڈالنے کے بعد مناسب مقدار میں بلیچ ڈال دیں۔ جوتے تھوڑی دیر گرم پانی میں رہنے دیں، تاکہ ان سے بدبو والے جراثیم ختم ہوجائیں۔

واشنگ مشین میں بھی جوتے دھوئے جاسکتے ہیں، اگر جوتوں کے تسمے ہوں تو وہ اتار لیے جائیں۔ کوئی غلاف یا کسی پرانے تکیے کے لحاف میں جوتے باندھ دیں اور مشین میں ڈال دیں، مشین میں پانی گرم ہونا چاہیے بعد میں کھلی ہوا میں رکھ دیں تاکہ وہ خشک ہوجائیں۔

دھوئے بغیر بدبو ختم کرنا

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ جوتے کو دھوئے بغیر بدبو سے نجات پائیں توبلیک ٹی بیگ کے ذریعے بھی بدبو ختم کی جاسکتی ہے۔ بلیک ٹی بیگ میں ٹیننز ہوتا ہے، جو جراثیم کو مارنے میں مدد کرتا ہے۔

جوتوں میں کالی چائے کا بیگ ڈالنے سے یہ جراثیم کو ہلاک کردے گا جس سے بدبو ختم ہو جائےگی۔ استعمال سے قبل بلیک چائے کا بیگ کچھ دیر ابلتے ہوئے پانی میں رکھیں۔ چائے کے تھیلے کو ابلتے ہوئے پانی میں ڈبوئیں پھر اسے پانچ منٹ بعد باہر نکال لیں۔ ہر جوتے میں چائے کا ایک بیگ ڈال دیں۔

خشک کاغذ

جوتوں کی بدبو سے نجات پانے کے لیے خشک کاغذ کا استعمال سب سے آسان طریقہ ہے۔ ہر جوتے کے اندر خشک شیٹس رکھی جاسکتی ہیں۔ اس کے بعد جوتے کو معمول کے مطابق پہننا چاہیے۔ خشک کاغذ بدبو کوجذب کرلیتے ہیں۔

جوتوں کو فریزر میں رکھنا

کسی بند شاپر میں جوتوں کو ڈال کر فریزر میں رات بھر رکھیں۔ کم درجہ حرارت کی وجہ سے جراثیم سے ہونے والی بدبو ختم ہوگی۔

مالٹے کے چھلکے

مالٹے کے چھلکے جوتوں میں رکھنے سے اس کے اندر کی بدبو ختم ہوسکتی ہے۔ ہر جوتے میں مالٹے کے چھلکوں کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے رکھ دیں،انہیں رات بھر چھوڑ دیں، صبح تک جوتے سے تازہ اور خوشگوار بو آنے لگے گی۔

بچی ہوئی کافی

اگر آپ کے پاس پرانی جرابیں ہیں تو انہیں پاؤں کی طرف سے کاٹ لیں۔ اب ان میں نصف کپ کافی ڈالیں اور پھر ان کے کھلے حصوں کو باندھ دیں۔ یہ کام کر لینے کے بعد ہر جوتے میں ایک موزہ رات بھر کے لیے رکھ دیں۔

سفید سرکہ

ہر جوتے میں ایک کپ سفید سرکہ ڈالیں، اسے 15 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ بعد میں پھر جوتے دھو لیں، ان کی بدبو ختم ہو چکی ہو گی۔

بیکنگ سوڈا

بیکنگ سوڈا پاؤڈر کی تھوڑی مقدار کو جوتے میں چھڑکیں اور رات بھر رکھا رہنے دیں۔ صبح تک بدبو ختم ہوجائے گی۔