نئی دہلی: بھارت میں کورونا وائرس پھر سر اُٹھانے لگا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 614 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس ایک بار پھر پھیلنے لگا ہے، اس مہلک وائرس کی وجہ سے ریاست کیرالہ میں تین لوگوں کی جان چلی گئی۔
مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق کووِڈ نائنٹین کے چھ سو چودہ نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر کورونا کیسز کی تعداد 2311 ہو گئی ہے، اور یہ رواں سال 21 مئی کے بعد سے ہندوستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
بھارتی وزارت صحت نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ملک بھر میں ماسک ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس کے مطابق تمام بزرگ شہریوں اور ایک سے زائد بیماریوں کے شکار افراد کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے ایک نئے ویریئنٹ JN.1 کے کیسز سامنے آ رہے ہیں، جس نے نئے خدشات کو جنم دیا ہے۔ بھارت بھر میں اب تک اس ذیلی قسم کے 21 کیسز کا پتا چلا ہے۔
دوسری طرف ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 9 دنوں میں بھارت میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے۔