نباتات پر مبنی کونسی خوراک صحت کیلئے بہتر؟

لندن: اگر اپنی خوراک میں وہ اناج، دالیں اور پھل، سبزیوں کو شامل کیا جائے جن میں شوگر کی سطح انتہائی کم ہو اور پروسیس شدہ نہ ہو، تو اس سے کولیسٹرول اور امراض قلب کے خطرے کو کم اور ٹائپ ٹو ذیابیطس سے بچا جا سکتا ہے۔

برطانوی محققین کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں اس بات کو ثابت کیا گیا کہ کم شوگر اور بغیر پروسیس کی ہوئیں نباتات پر مبنی غذاؤں سے سنگین امراض سے بچا جاسکتا ہے اور عمر میں بھی اضافے کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

یو کے بائیو بینک نے اپنے ایک مطالعے میں 113,000 سے زیادہ شرکاء کے 12 سالہ غذائی معمولات کا جائزہ لیا اور وہ بھی تازہ پھل، سبزیاں، اناج اور دالوں پر مبنی خوراک کی بنیاد پر۔


مذکورہ بالا تجزیے کے نتائج ذیابیطس اور میٹابولزم کے جریدے میں شائع ہوئے جس میں بتایا گیا جن لوگوں نے اناج، پھل اور سبزیوں کو اپنی خوراک بنایا اور غیر صحت بخش غذاؤں کا استعمال محدود کردیا، تو ان میں ذیابیطس کے خطرے میں 24 فیصد کمی واقع ہوئی۔

مزید برآں ایسے لوگوں میں دوسروں کی بنسبت صحت مند وزن، باڈی ماس انڈیکس اور کمر کے فریم میں کمی دیکھی گئی جبکہ ساتھ ساتھ بلڈ شوگر کی سطح بھی بہتر رہی۔