اسلام آباد: کراچی اور چمن کے 2 ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق ملک کے دو شہروں کراچی اور چمن کی سیوریج میں ٹائپ ون وائلڈ پولیو وائرس پایا گیا ہے، رواں برس کے پولیو پازیٹو سیوریج سیمپلز کی تعداد 94 ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت صحت نے پولیو پازیٹو سیوریج سیمپلز سے متعلق ٹیکنیکل رپورٹ تیار کر لی ہے، کراچی ساؤتھ کی ہجرت کالونی کا سیوریج سیمپل پازیٹو نکلا، رواں سال کراچی ساؤتھ کی سیوریج پانچویں بار پولیو پازیٹو نکلی ہے۔
کراچی ساؤتھ کے سیمپلز 13 ستمبر، 11، 16 اکتوبر، اور 7 نومبر کو پازیٹو نکلے تھے، ہجرت کالونی سے پولیو ٹیسٹ کے لیے سیمپل 4 دسمبر کو لیا گیا تھا، ہجرت کالونی کے پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق کراچی ایسٹ گڈاپ سے ہے۔
دوسری طرف چمن کے علاقے آرمی کازیبہ کی سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، چمن کی سیوریج سے پولیو ٹیسٹ کے لیے سیمپلز 4 دسمبر کو لیے گئے تھے، جس سے رواں سال چمن کی سیوریج میں ساتویں بار پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ چمن کی سیوریج میں موجود پولیو وائرس جینیاتی طور پر لوکل ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس ملک میں پولیو وائرس کے 6 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
سیوریج لائنز میں پولیو وائرس کی موجودگی نے حکومت کو چکرا کر رکھ دیا ہے، حکومت نے آئندہ ماہ ملک گیر انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، صوبوں کی مشاورت سے قومی انسداد پولیو مہم کا شیڈول تیار کر لیا گیا، مہم تین مراحل میں چلائی جائے گی، پہلا ملک گیر مرحلہ 8 تا 14 جنوری چلے گا۔