ٹیسٹ اٹلس : دنیا کی 100 بہترین ڈشز میں دیسی کھانے ؟

دنیا بھر کے کھانوں پر معلومات جمع کرنے والی ٹیسٹ اٹلس نے 2024 کے 100 بہترین کھانوں میں پاکستان اور بھارت کے دیسی کھانوں کو بھی شامل کیا ہے۔

ٹیسٹ اٹلس نے دنیا کے 100 بہترین پکوانوں کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان اور بھارت میں مقامی لوگوں کی جانب سے پسند کیے جانے والے دیسی کھانوں کو تجویز کیا گیا ہے۔

مکھن لہسن نان کو نان کی مشہور اقسام میں سے ایک کے طور پر فہرست میں نامزد کیا گیا۔ اسے آٹا، پانی، خمیر، نمک، چینی اور دہی کا استعمال کرکے بنایا جاتا ہے۔

اگرچہ ویب سائٹ نے اسے ہندوستان سے منسلک کیا ہے ، لیکن یہ پاکستان میں بھی بڑے پیمانے پر مقبول ہے اور پاکستانی شہری اسے بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔

اس کی تیاری میں آٹے کو بیضوی شکل دی جاتی ہے اور روایتی طور پر تندور یا اوون میں پکایا جاتا ہے۔ بعض گھروں میں اسے تلا بھی جاتا ہے۔ روٹی تیار ہونے پر پگھلے ہوئے مکھن اور کٹے ہوئے لہسن کا مرکب روٹی پر لیپ کیا جاتا ہے۔

پاکستان اور بھارت میں یکساں طور پر مقبول ایک اور اسٹریٹ فوڈ چکن تکہ کو بھی آزمانے کے لئے بہترین پکوانوں میں درجہ دیا گیا ہے۔ تکہ، بھارت کے ساتھ پاکستان میں تقریبا تمام دیسی ریسٹورٹنس میں دستیاب ہے۔ اس کی تیاری میں گوشت میں ہلدی، زیرہ، دھنیا، لال مرچ، لہسن ، ادرک اور دیگر اشیاء ملائی جاتی ہیں۔

تندوری (چکن) نے بھی اپنے خاص ذائقے کی وجہ سے ٹیسٹ اٹلس فہرست میں جگہ بنائی، اسے بھی زیادہ تر مصالحوں کے روایتی امتزاج کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے۔ ڈش کو تندور میں جلتی ہوئی آگ پر پکایا جاتا ہے۔

کھانے پکانے کی گائیڈ کی ویب سائٹ کے مطابق تندوری تکنیک مشرق وسطیٰ میں روٹی پکانے کے پرانے طریقہ کار سے ایجاد ہوئی جو شمال مغربی بھارت سمیت براعظم کے دیگر حصوں میں پھیل گئی، جہاں لوگوں نے تندور میں گوشت اور دیگر کھانوں کو پکانے کے تجربات شروع کیے۔

ویب سائٹ نے برصغیر میں روٹی چنا کو بھی خاص درجہ دیا ہے یہ ڈش ملائیشیا انڈونیشیا، برونائی اور تھائی لینڈ میں پسند کی جاتی ہے۔ جہاں یہ روٹی چانائی کے نام سے مشہور ہے اور نسبتا مختلف ہیے

جس طرح پاکستان اور بھارت میں چنا پراٹھا شوق سے کھایا جاتا ہے اسی طرح مذکورہ بالا ممالک میں یہ مقبول عام ہے۔