سندھ میں کورونا وائرس کی نئی قسم جے این ون کے 2 کیسز سامنے آگئے

ملک کے تمام ائرپورٹس پر مسافروں کی دوبارہ کووڈ ٹیسٹنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے، اس دوران ہونے والی اسکریننگ میں سندھ میں کورونا وائرس کی نئی قسم جے این ون کے 2 کیسز سامنے آگئے ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق کورونا کی نئی علامات بیرون ملک سے آنے والے دو مسافروں میں پائی گئی ہیں، جس کا تعلق سندھ اور پنجاب سے ہے۔

کورونا کے نئے ویرئینت جے این ون سے متاثرہ دو مسافروں میں سے ایک شخص حیدرآباد کا رہائشی ہے، 53 سالہ مسافر گزشتہ روز کوالالمپور سے کراچی پہنچا تھا، جبکہ دوسرا 60 سالہ مسافر ڈی جی خان پنجاب کا رہائشی ہے جو جدہ سے کراچی پہنچا تھا۔

محکمہ صحت سندھ نے این سی او سی ایڈوائزری کے مطابق الرٹ جاری کردیا ہے۔

دونوں مشتبہ مریضوں کا آر ڈی ٹی پر ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے اور دونوں مریضوں کو گھر میں قرنطینہ کی ہدایت کی گئی ہے۔

کورونا کے اس نئے ویریئنٹ کی علامات میں نزلہ، زکام، کھانسی اور سر میں درد شامل ہیں، محکمہ صحت سندھ نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی ہیں۔